کانپورشہر(نامہ نگار)۔ضلع مجسٹریٹ ڈاکٹر روشن جیکب نے ارسلہ اورڈفرن اسپتالوں کا اچانک معائنہ کیا۔ ضلع مجسٹریٹ سب سے پہلے ارسلہ اسپتال پہونچیں جہاں انھوںنے جنرل وارڈ میں پھیلی ہوئی گندگی کو دیکھ کر ناراضگی ظاہر کی۔ضلع مجسٹریٹ نے انچارج ڈائرکٹرارسلا کی سرزنش کرتے ہوئے چوک سیور لائن کوکھلوانے کاحکم دیا۔ ضلع مجسٹریٹ نے اسپتال میں داخل مریضوںسے علاج اور دوائوںکے بارے میں پوچھا۔مریضوںنے بتایاکہ اسپتال کی ڈاکٹر پریتی وڈاکٹر کے سی بھاردوج کے ذریعہ دوائیں باہر سے منگوائی جاتی ہیں۔ ضلع مجسٹریٹ نے دوائوںکے بل سے اس بات کی تصدیق ہونے پرمتعلقہ ڈاکٹروںکے خلاف تادیبی کاروائی کاحکم ڈائرکٹر ارسلاکودیا۔ ضلع مجسٹریٹ نے او پی ڈی کامعائنہ کیاجہاں ڈاکٹر گوتم جین کے غیر حاضر رہنے پران سے جواب طلب کرنے کاحکم دیا۔ ضلع مجسٹریٹ نے مریضوں کے کھانے کی رقم میں اضافہ کرنے کاحکم دیا۔ انھوںنے مریضوں کو غذائیت سے بھرپور کھانا فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ اس موقع پرچیف میڈیکل افسر ڈاکٹر آر پی یادو بھی ضلع مجسٹریٹ کے ساتھ تھے۔