لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ بھارتیہ جنتا پارٹی نے کہا ہے کہ اعظم خاں غلط بیان بازی کر رہے ہیں۔ بی جے پی ترجمان وجے بہادر پاٹھک نے کہا کہ کابینی وزیر محمد اعظم خاں کی جانب سے وزیر اعظم نریندر مودی پرمسلسل بے بنیاد،گمراہ کن اور جھوٹی بیان بازی کی جا رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو اپنے کابینی وزیر کی جانب سے وزیر اعظم کے بارے میں گمراہ کن اطلاع دینے پر معافی مانگیں۔ جمعرات کو پارٹی دفتر پر اکھلیش حکومت کے کابینی وزیر محمد اعظم خاں کی جانب سے یہ کہنے پر کہ وزیر اعظم نے ملک کے مسلمانوں کو عید کی مبارک باد تک نہیں دی، اس پر حملہ کرتے ہوئے ریاستی ترجمان وجے بہادر پاٹھک نے کہا کہ انہیں خود بولنے سے پہلے لکھ پڑھ لینا چاہئے ۔ فرقہ پرستی کے ایجنڈے کو بنائے رکھنے کیلئے جھوٹی افواہیں پھیلانے میں ماہر لوگ کیسے سماجی تانا بانا بگڑے اس کوشش میں مصروف ہیں۔ تبھی تو کبھی کارگل کی جیت میں محض مسلمانوں کا ہاتھ بتانے والے لوگ اب کہہ رہے ہیں کہ مودی نے عید کی مبارک بادتک نہیں دی۔
اعظم خاںملک کی سب سے بڑی ریاست کے کابینی وزیر ہیںاور نریندر مودی دنیا کے سب سے بڑے جمہوری ملک کے وزیر اعظم ہیں۔ ایک ریاست کے وزیر ملک کے وزیر اعظم کی عید کی دی ہوئی مبارک باد نہیں پڑھ اور دیکھ پارہے ہیں تو یہ اور بھی حیرت کی بات ہے جبکہ تمام اخباروں سے لگائے پی آئی وی کی سائٹ پر وزیر اعظم کا عید کا پیغام لکھا ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اپنی غلط ذہنیت کے سبب مسلسل اپنی ہی حکومت کیلئے پریشانی کا سبب بنے اعظم خان وزیر اعظم پر بے بنیاد بیان بازی کررہے ہیں۔ وہ کبھی انہیں قاتل بتاتے ہیں تو کبھی کہتے ہیں کہ ان کا دل چھوٹا ہے، انہیں تیس کروڑ لوگوں کی فکر نہیں ہے۔ مودی ملک کے ۱۲۵ کروڑ لوگوں کی بات کرتے ہیں لیکن یہ تیس کروڑ لوگوں کی بات کرتے ہیں۔