نئی دہلی ۔ مغلیہ دور کے تاریخی یادگار لال قلعہ میں پہلی بار نو نومبر کو ٹاٹا قومی ریکنگ تیر اندازی ٹورنامنٹ کے فائنل کا اہتمام کیا جائیگا۔ جسے آئندہ سال دس سے سترہ جنوری کے درمیان راجدھانی میں ہونے والے اشیاء کپ کیلئے تربیت مقابلو ںکے طور پر دیکھا جارہا ہے۔ قومی ریکنگ ٹورنامنٹ کا فائنل جہاں لال قلعہ کے پندرہ اگست میدان پر ہوگا وہیں ابتدائی مرحلے کے مقابلے یمنا ایکسپورٹ کامپلکس میں منعقد ہوں گے۔ ہندوستانی تیر اندازی یونین کے صدر وجئے کمار ملہوترا نے آج یہاں نامہ نگارو ںسے کہا کہ ہندوستانی کھیلو ںکی تاریخ میں پہلی بار کوئی کھیل
مقابلہ تاریخی یادگار لال قلعہ پر منعقد ہوگا۔ جس سے اس ٹورنامنٹ اور ہندوستانی تیر اندازی کو کافی شہرت حاصل ہوگی۔ انہوںنے کہا کہ یہ مقابلے ایشیاء کپ کیلئے تربیت ثابت ہوں گے جو اس مقام پر آئندہ سال جنوری میں منعقد کئے جائیں گے۔ملہوترا نے کہا کہ تیر اندازی ایسوسی ایشن نے ہندوستانی آثار قدیمہ محکمے سے اس سولہویں صدی کی یادگار میں ٹورنامنٹ منعقد کرانے کیلئے ضروری منظوری حاصل کرلی ہے۔ یہ مقابلے مرداور خواتین گروپ میں کمپائونڈ اور ری کرو دونو ںمیں منعقد کئے جائیں گے اسے تین حصوں سینئر ، جونیئر اور سب جونیئر میں تقسیم کیاگیا ہے۔ ملک کے معروف تیرانداز اس میں حصہ لیں گے جن میں جین تعلقدار ترون دیپ رائے ،ر اہل بنرجی ، اتنو داس ،دپیکا کماری ، ڈولا بنرجی ، ایل بومبائیلا دیوی ،ابھیشک ورما ، رجت چوہان ،سندیپ کمار اور تراشا دیو وغیرہ شامل ہیں۔ سینئر ڈویزن میں ری کرو اور کمپائونڈ دونوں گروپ کے فاتح کو ایک لاکھ روپئے کی نقد رقم جبکہ دوسرے اور تیسرے مقام پر رہنے والے کھلاڑی کو بالاترتیب ۷۵ہزار اور پچاس ہزار روپئے کا انعام دیا جائے گا۔ چوتھے مقام پر رہنے والے تیر انداز کو بھی پچیس ہزار روپئے کی رقم دی جائے گی۔ اسی طرح جونیئر ڈویزن میں فاتح کو ساٹھ ہزار دوسرے مقام پر آنے والے کو پچاس ہزا راور تیسرے مقام پر رہنے والے کو پینتیس ہزار روپئے جبکہ سب جونیئر ڈویزن میں فاتح کو چالیس ہزار ، دوسرے مقام پر رہنے والے کو تیس ہزار اور تیسرے مقام پر رہنے والے کھلاڑی کو پچیس ہزا رروپئے کا انعام دیا جائے گا۔ ملہوترا نے کہا کہ ہم تیر اندازوں میں کل پچاس لاکھ روپئے کی انعامی رقم تقسیم کریں گے۔ ان میں سے ہم تقریباً ۲۳لاکھ روپئے کی رقم ان میں تقسیم کرچکے ہیں جبکہ باقی رقم اس ٹورنامنٹ کے دوران فاتحین کو دی جائیگی۔