کراچی ۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹسٹ میچ آج سے شروع ہورہاہے۔اور پاکستانی ٹیم کے کھلاڑی پر اعتمادی کے ساتھ میدان پر اتر نے کیلئے بیتاب ہیں۔پاکستانی ٹیم کے بلے باز اور گیندباز حال ہی میں آسٹریلیا کے خلاف شاندار مظاہرہ کرنے سے اعتماد سے لبریز ہیں ۔اور ان کے حوصلے کافی بلند ہیں۔وہیں نیوزی لینڈٹیم کو پاکستانی گیندبازوں سے کافی ہوشیار رہنا ہوگا۔کیونکہ آسٹریلیائی ٹیم کو کافی پریشان کر کے ٹسٹ سیریز تاریخی جیت کے ساتھ حاصل کی تھی۔وہیںپاکستان کے سابق اسپنر اور چیف سلیکٹر اقبال قاسم نے کہا ہے کہ پاکستان کو کافی عرصے بعد وننگ کمبی نیشن ملا ہے،بیٹسمینوں کے ساتھ ساتھ بولرز نے بھی آسٹریلیا کے خلاف فتح میں بنیادی کردار ادا کیا۔ پاکستانی ٹیم کو نیوزی لینڈ کے خلاف بھی سیریز میں کامیابی کیلئے ایڈوانٹیج حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف پاکستانی ٹیم نے متحد ہوکر جس کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اس کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا تھا خود آسٹریلوی بھی پا
کستانی بیٹسمینوں کی کارکردگی پر حیران تھے۔ دو ٹیسٹ میں 9سنچریاں بننا کسی بھی ٹیم کی بہترین کارکردگی ہوسکتی ہے۔ پاکستان کی کامیابی میں بیٹنگ کا بنیادی کردار رہا۔ یونس خان، کپتان مصباح الحق اور اظہر نے آسٹریلوی بولرز کا بھرکس نکال دیا۔ جب آپ بڑا اسکور کردیں تو مخالف ٹیم خود بخود دبائو میں آجاتی ہے اور بیٹسمین غلطیاں کرتے ہیں جس کا فائدہ بولرز اٹھاتے ہیں اور ایسا ہی ہوا، سعید اجمل کے اسکواڈ میں نہ ہونے کے باوجود ذوالفقار بابر اور یاسر شاہ نے جس کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اس کو جتنا بھی سراہا جائے کم ہے۔ یاسر شاہ نے ٹیسٹ انٹری کو یادگار بنا لیا، اسے ٹیم کا مستقل حصہ بنانا چاہئے۔ نیوزی لینڈ کا پاکستان کے خلاف ریکارڈ اچھا نہیں ہے۔ پاکستانی ٹیم کی گزشتہ کارکردگی کا اس کو مکمل ایڈوانٹیج ہوگا اور نیوزی لینڈ کو بھی سیریز میں وائٹ واش کرنے کا بہترین موقع ہوگا۔