ماسکو، 20 نومبر: روس کے قزان شہر میں اتوار کو پائلٹ کی غلطی سے بوئنگ 737 کا طیارہ حادثہ ہوا تھا۔ اس المناک حادثہ میں طیارے پر سوار سبھی 50 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔ حادثہ کی تقتیش کررہے ماہرین نے بلیک باکس کی چھان بین کے بعد بتایا کہ پائلٹ نے زبردست غلطی کرتے ہوئے ایک اناڑی کی طرح طیارے کو زمین پر اتارا جس کے نتیجے میں طیارہ زمین سے ٹکراتے ہی آگ کے گولے میں تبدیل ہوگیا۔رپورٹ کی تفصیل میں بتایا گیا ہے کہ پائلٹ نے پہلے کم رفتار سے طیارہ اتارنے کی کوشش کی تھی۔ اس کے بعد 22 ہزار فٹ کی اونچائی پر ایک زبردست غوطہ لگاکر رفتار دوبارہ بڑھانے کی کوشش کی۔ پائلٹ کا یہ طریقہ حادثہ کا موجب بنا۔ بین ریاستی ہوابازی کمیشن نے بتایا کہ طیارے کے اترنے سے پہلے اس کا انجن اور دوسرے نظام خوش اسلوبی سے کام کررہے تھے۔ اس انکشاف نے روس میں ہوائی سلامتی کے سلسلے میں سوال کھڑے کردیئے ہیں۔ ماہرین کے مطابق ملک میں تیزی سے فروغ پارہی ہوابازی صنعت کے لئے پائلٹ کی غلطی سے ہونے والے حادثے بہت بڑا چیلنج ہیں۔ اس طرح کے واقعات سے حفاظتی اصلاحات کی یقین دہانی بھی شک کے دائرے میں آجاتی ہے۔