ممبئی: بالی ووڈ کی صف اول کی اداکارہ دیپیکا پدوکون کا کہنا ہے کہ انہوں نے فلم نگری میں گزارے برے وقت سے بہت کچھ سیکھا ہے یہی وجہ ہے کہ آج ان کی فلمیں کامیابی سے ہمکنار ہوتی ہیں۔بھارتی ویب سائیٹ کو دیئے گئے انٹرویو میں دیپیکا پدوکون کا کہنا تھا کہ ایک فنکار کی حیثیت سے ہر شخص اپنے کیرئیر میں عروج اور زوال دیکھتا ہے، اچھے وقت میں ہر جانب اس کی تعریفوں کے پل باندھے جاتے ہیں اور برے وقت میں خراب سلوک کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے، اس وقت اگر مستقل مزاجی اور صبر سے کام لیا جائے تو پھر تمام معاملات خود بخود ہی ٹھیک ہونے لگتے ہیں۔دیپیکا کا کہنا تھا کہ ان کی پہلی فلم اوم شانتی اوم تھی جس کی بے انتہا کامیابی نے انہیں بالی ووڈ میں پلیٹ فارم دیا لیکن اس کے بعد ان کی فلمیں کامیاب نہ ہوسکیں، اس وقت ان پر کرداروں میں انتخاب کے معاملے میں شدید تنقید کی جاتی تھی۔ آج صورت حال یہ ہے کہ وہ جس فلم میں کام کرتی ہیں وہ کاروباری لحاظ سے کامیاب ہوتی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ انہوں نے اپنے برے وقت سے بہت کچھ سیکھا ہے۔واضح رہے کہ دیپیکا بھارتی فلم نگری کی وہ اداکارہ ہیں جن کی سب سے زیادہ فلموں نے 100 کروڑ روپے سے زائد کا کاروبار کیا ہے۔