نئی دہلی، 11 نومبر (یو این آئی) سپریم کورٹ نے دہلی میں جلد از جلد الیکشن کرانے کے سلسلہ میں عام آدمی پارٹی (آپ) کی عرضی مسترد کردی۔
مرکزی حکومت نے چیف جسٹس ایچ ایل دتو کی صدارت والی پانچ رکنی آئینی بنچ کو دہلی اسمبلی تحلیل کردیئے جانے کے بارے میں بتایا ۔ مرکز نے کہاکہ صدر نے دہلی اسمبلی تحلیل کردی ہے اور اب دارالحکومت میں الیکشن کرانے کی ذمہ داری الیکشن کمیشن کی ہے۔
اس پر آپ کے وکیل پرشانت بھوشن نے عدالت سے اپیل کی کہ وہ دارالحکومت میں حتی الامکان جلد الیکش
ن کرانے کا حکم الیکشن کمیشن کو دے۔ لیکن آئینی بنچ نے کہا کہ دہلی میں اسمبلی الیکشن کی تاریخیں اعلان کرنے کے سلسلہ میں وہ مداخلت نہیں کرے گی۔ عدالت نے کہا کہ اسے قومی دارالحکومت کے سیاسی واقعات کے بارے میں جان کر خوشی ہوئی ہے لیکن الیکشن کرانے کے لئے ضروری انتظامات کرنا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔
کمیشن کو الیکشن کی تاریخیں طے کرنے کی ہدایت دینے سے انکار کرتے ہوئے آئینی بنچ نے کہا کہ اب اس معاملے میں کوئی فیصلہ الیکشن کمیشن کو ہی کرنا ہے۔