لکھنؤ(بیورو)اترپر دیش کے وزیراعلیٰ اکھلیش یادو نے کہا ہے کہ آج چیلنج اس بات کا ہے کہ ڈاکٹر اور علاج کی سہولیات گائوں تک کیسے پہنچے اور غریبوں کو سستے سے سستا علاج کیسے حاصل ہو ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت علاج وصحت کی سہولیات کو لوگوں تک پہنچانے کیلئے ہر ممکن کوشش کررہی ہے۔
وزیراعلیٰ آج یہاں ڈاکٹر رام منوہر لوہیا میڈیکل سائنس انسٹی ٹیوٹ کے اکیڈمک بلاک کے سنگ بنیاد اور لوہیا جوائنٹ اسپتال میں ۱۴ بستر والا آئی سی یو وارڈ عوام کو معنون کرنے کے موقع پر منعقد پروگرام کو خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے اس موقع پر ڈاکٹر لوہیا میڈیکل سائنس انسٹی ٹیوٹ سمیت کے جی ایم یو ، سیفئی میڈیکل سائنس وغیرہ اداروں میں پی جی آئی کی طرز پر تنخواہ ڈھانچے کے سلسلے میں آئندہ مالیاتی سال سے سنگل پالیسی نافذ کئے جانے کی بات کہی۔ ساتھ ہی انہوں نے ڈاکٹر لوہیا میڈیکل سائنس ادارے کیلئے ۲۰؍ایکڑ زمین مہیا کرائے جانے کااعلان کیا۔
وزیراعلیٰ نے ڈاکٹر رام منوہر لوہیا جوائنٹ اسپتال اور ڈاکٹر لوہیا میڈیکل سائنس ادارے کو ضم کئے جانے پر خوشی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس کا فائدہ طبی تعلیم کے طلباء کے ساتھ ساتھ عوام کو بھی حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کا تص
ور نیتا جی (ملائم سنگھ یادو)نے اس بنیاد پر کیا تھا کہ لوگوں کو بہتر اور جدید علاج کی سہولیات مہیا ہوں ، جس سمت ریاستی حکومت مسلسل کام کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے میڈیکل کالجوں میں ایم بی بی ایس کی ۵۰۰ سیٹوں کا اضافہ ہوا ۔ کسی بھی ریاست میں اتنے کم وقت میں اتنی زیادہ سیٹیں نہیں بڑھائی گئیں۔ مسٹر یادو نے کہا کہ ۱۰۸ سماج وادی صحت خدمت اور ۱۰۲ نیشنل ایمبولینس سروس میں لوگوں نے اعتماد ظاہر کیا اور اس کا استعمال ریاست کے عوام کامیابی سے کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہارٹ اور کینسر جیسی سنگین بیماریوں کا علاج غریبوں کو مفت مہیا کرانے کی اسکیم چل رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سماج وادی حکومت نے منشور میں لوگوں سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کاکام قلیل مدت میں انجام دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لوہیا اور جنیشور مشر جیسے پارکوں سے ہریالی کے ساتھ ساتھ لوگوں کی سہولیات میں اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو ریل چلائے جانے کا کام جلد مکمل کئے جانے کی سمت تیزی سے پیش رفت جاری ہے۔ میٹرو ریل کی سہولت ریاست کے تین اضلاع میں مہیا ہوگی۔
وزیرتعمیرات عامہ شیوپال سنگھ یادو نے امید ظاہر کی کہ لوگوں کو ڈاکٹر لوہیا میڈیکل سائنس ادارے میں پی جی آئی کی طرز پر طبی سہولیات دستیاب ہوں گی ۔وزیرعلاج وصحت اور کنبہ بہبود احمد حسن نے کہا کہ اچھے اور حساس ڈاکٹروں کی موجودگی ہی سے ڈاکٹر لوہیا میڈیکل سائنس انسٹی ٹیوٹ کو ریاست اور ملک میں شناخت حاصل ہوگی۔ چیف سکریٹری آلوک رنجن نے کہا کہ ریاستی حکومت لوگوں کو بہتر صحت اور طبی سہولیات دینے کے لئے مستعد ہے ۔ پروگرام کو ادارے کی ڈائرکٹر پروفیسر نزہت حسین نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر وزیرسیاسی پنشن جناب راجیندر چودھری، وزیر مملکت برائے پیشہ ورانہ تعلیم اور مہارت فروغ ابھیشیک مشرا ، عوامی نمائندگان، پرنسپل سکریٹری طبی تعلیم اروند کمار ، ڈی جی ہیلتھ وجے لکشمی سمیت کثیر تعداد میں ڈاکٹر ، طلباء ، معزز شہری اور میڈیا اہلکار موجود تھے۔