کولکاتا۔ اولمپک تمغہ فاتح مکہ باز ایم سی میریکوم نے آج کہا کہ چوٹ سے واپسی کرنے میں انہیں قریب دو ماہ لگ جائیں گے۔ چوٹ کی وجہ سے ہی میریکوم 13 سے 25 نومبر کے درمیان جنوبی کوریا کے جیجو میں ہونے والی خواتین کی عالمی باکسنگ چمپئن شپ میں حصہ نہیں لے رہی ہیں۔ چوٹ کی وجہ سے میریکوم سے عالمی چمپئن شپ میں اپنا چھٹا تمغہ جیتنے کا موقع چھن گیا ہے۔ 2012 لندن اولمپکس کی کانسے کا تمغہ فاتح نے یہاں ایک اعزاز تقریب سے الگ نامہ نگاروں سے کہامیں پوری طرح فٹ نہیں ہوں اس لئے میں چمپئن شپ میں حصہ نہ لے کر خوش ہوں۔ وہاں جانے اور خالی ہاتھ لوٹنے کی کوئی تک نہیں بنتا۔ میں جس بھی مقابلہ میں حصہ لیتی ہوں وہاں ملک کیلئے تمغہ جیتنا چاہتی ہوں۔چوٹ سے واپسی کو لے کر انہوں نے کہا میں دھیرے دھیرے اس پر کام کر رہی ہوں اور مجھے دو ماہ میں واپسی کرنے کی امید ہے۔ میرا اگلا ہدف 2016 کے ریو اولمپک کھیلوں کیلئے کوالیفائی کرنا ہے۔ رانی نے زخمی میریکوم کی جگہ لی ہے جبکہ پرینکا چودھری کو معطل مکہ باز سریتا دیوی کی جگہ 10 رکنی ٹیم ٹیم میں جگہ دی گئی ہے۔