لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ گومتی نگر واقع ریلوے لائن پر ایک شادی شدہ خاتون کی لاش مشتبہ حالت میں پڑی ملی۔ اطلاع کے بعد پولیس موقع واردات پر پہنچی اور لاش کو قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔ پولیس خاتون کی موت کو حادثہ بتانے پر آمادہ ہے جبکہ اہل خانہ نے قتل کا الزام عائد کیا ہے۔ اس معاملہ میں اہل خانہ نے پولیس کو قتل کاالزام عائد کرتے ہوئے تحریر دی ہے۔ فی الحال پولیس معاملہ کی تفتیش کررہی ہے۔ ہردوئی کے جنوبی آلوتھوک کے رہنے والے سندر لال راجپوت نے اپنی بیٹی وبھا راجپوت (۳۰) کی تقریباً چار برس قبل فرخ آباد کے دینار پور کے رہنے والے بلرام سنگھ عرف پنٹو سے شادی کی تھی۔ شادی کے بعد سے بلرام بیوی اور والدین کے ساتھ گومتی نگرو اقع پترکام پورم کے نزدیک کرائے کے مکان میں رہ رہا تھا۔
بلرام تقریباً آٹھ ماہ سے بیروزگار تھا۔ وہ اکثر وبھا کو پریشان کرتا رہتا تھا۔ وبھا کے بھائی راکیش کے مطابق وبھا نے دو شنبہ کی دوپہر میں والدین سے بات چیت کی۔ متوفیہ کے اہل خانہ نے الزام لگاتے ہوئے کہاکہ شادی کے کچھ سالوں تک تو سب کچھ ٹھیک چلتا رہا لیکن تقریباً ۸ ماہ قبل سے بلرام نے وبھا کو پریشان کرنا شروع کردیا۔ الزام ہے کہ بلرام وبھا کے سسرال والوں سے کاروبار کیلئے رقم یا پھر سنگاپور جانے کیلئے نقدی کا مطالبہ کر رہا تھا اور مطالبہ پورا نہ ہونے پر اس کا قتل کر دیا۔ بلرام نے منصوبہ کے تحت اس کاقتل کیا ہے اس کے سر پر چوٹ کے نشان ہیں۔ راکیش نے اس معاملہ میں پولیس کو جہیز کی مانگ پوری نہ ہونے پر قتل کا معاملہ درج کرایا ہے ۔