امروہہ۔ امروہہ میں یوم تحصیل کے موقع پر ضلع مجسٹریٹ بھوناتھ نے ضلع روزگار افسر، ایس ایچ او امروہہ کے غیر حاضر رہنے پر ان کی ایک دن کی تنخواہ وضع کرنے کا حکم دیا۔ یوم تحصیل کے موقع پر ۶۲ شکایات موصول ہوئیں ، جن میں سے ۸؍شکایات کو موقع پر ہی حل کردیا گیا۔ اور ۲۰؍شکایات کوحل کرنے کے لئے موقع پر افسران کی ٹیموں کو بھیج دیا گیا۔ یہ شکایات آج شام تک حل ہوجائیں گی۔ ضلع مجسٹریٹ بھوناتھ نے کہا کہ آج کے یوم تحصیل سے قبل دو سو شکایات موصول ہوتی تھیں۔ جبکہ شکایات کو تیزی سے حل کرنے کے سبب ان کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے۔
زیادہ تر شکایات پولیس، چکبندی، راشن ، بجلی اور چکروٹ پر قبضہ سے متعلق تھیں۔ ضلع مجسٹریٹ نے ایس ڈی ایم صدر ، پی ڈی ڈی آر ڈی اے اور اسسٹنٹ انجینئر محکمہ تعمیرات عامہ کی ایک ٹیم کو امروہہ کی نہروں میں شلٹ کی صفائی کی جانچ کرنے کے لئے بھیجا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر نہروں میں شلٹ کی صفائی کردی گئی ہے تو رپورٹ کو آج ہی پیش کیا جائے کیونکہ محکمہ آبپاشی نے بھی شلٹ کی صفائی کرادینے کی رپورٹ پیش کی ہے۔ انہون نے کہا کہ سرکاری راشن کی دکانوں کی جو تجاویز آئی ہیں انہیں ان کے سامنے پیش کیا جائے ۔ ضلع مجسٹریٹ سے زویا بلاک کے کپاسی گاؤں کے لوگوں نے شکایت کی کہ بی ایل او فوٹو شناختی کارڈ بنانے عوض پیسے کا مطالبہ کررہے ہیں۔ ضلع مجسٹریٹ نے بی ایل او کو فوری طور پر یوم تحصیل میں طلب کرلیا۔ لیکن معلوم ہوا کہ شکایت کرنے والے بی ایل او سرلا شرما کے رشتہ دار ہیں اور آپسی دشمنی کے سبب انہون نے یہ الزام عائد کیا ہے۔ ضلع مجسٹریٹ نے ایس ڈی ایم صدر کو ہدایت دی کہ وہ اس معاملے کی جانچ کریں اور قصورواروں کے خلاف سرکاری کام میں مداخلت کرنے کے تحت سخت کارروائی کریں۔ اس موقع پر ایس پی سبھاش سنگھ بگھیل ، خصوصی ترقیات افسر ایس کے مشرا، پی ڈی ڈی آرڈی اے پدم کانت شکلا، ڈی ایف او ، ایس ڈی ایم صدر محمد نعیم اور تحصیلدار سمیت ضلع سطح کے تمام افسران موجود تھے۔