ممبئی، 12نومبر(یو این آئی)مہاراشٹر اسمبلی میں بی جے پی کے امیدوار ہری بھاؤ بگاڑے اتفاق رائے سے اسپیکر منتخب ہوگئے۔واضح رہے کہ کل اس عہدے کے لئے بی جیپی شیوسینا اور کانگریس کے امیدواروں نے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا تھا اور سہ رخی مقابلہ متوقع تھا۔آج ایوان کی کارروائی کے دوران عارضی اسپیکر جیوا پانڈو گاین نے ہر بھاؤبگاڑے کے نام کا اعلان کیا۔مسٹر بگاڑے ثقافتی شہر اورنگ آباد شہر کے بھوم باری حلقہ انتخاب سے بی جے پی کے ٹکٹ پر ایم ایل اے منتخب ہوئے ہیں۔اسپیکر منتخب ہونے کے بعد وزیر اعلی دیویندر فڑنویس، نیشنلسٹ کانگریس لیڈر اجیت پوار، کانگریس لیڈر رادھاکرشن وکھے پاٹل، سینا لیڈر ایکناتھ شنڈے اور بزرگ ترین رکن گنپت راؤ دیش مکھ نے ہری بھاؤ کو اسپیکر کی گدی پر لاکر بٹھایا۔
اسی دوران وزیر اعلی فڑنویس نے تمام پارٹیوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایوان کی عظمت کا خیال رکھتے ہوئے تمام سیاسی پارٹیوں نے متفقہ طور پر اسپیکر کاانتخاب کیا جو یقینا قابل ستائش ہے۔انہوں نے بگاڑے کو ایک زمینی سطح کا لیڈر بتاتے ہوئے کہا کہ وہ ایک زمانے سے پارٹی سے وابستہ ہیں اور بنیادی طور پر کاشت کار بگاڑے نے 1995 میں سینا۔ بی جے پی حکومت میں بھی اہم ذمہ داری نبھائی تھی۔سینا لیڈر ایکناتھ شنڈینے اس موقع پر کہا کہ وزیر اعلی کی درخواست پرسینا نے اپنے امیدوار کا نام واپس لیا تھا۔واضح رہے کہ سابق وزیر ورشا گائیگواڑکو بھی کانگریس نے امیدوار بنایا تھا لیکن ان کا نام بھی آج صبح واپس لیا گیا۔