لکھنؤ(نامہ نگار)آشیانہ علاقہ میں زمینی تنازعہ کے سلسلہ میں آج دن دہاڑے ایک پراپرٹی ڈیلر اور اس کے ساتھی نے ایک خاتون کو گولی مار دی۔ زخمی خاتون کو ٹراما سینٹر میں داخل کرایا گیا ہے۔ پولیس نے اس معاملہ میں ملزمان کے خلاف نامزد رپورٹ درج کر لی ہے۔
سی او کینٹ ببیتا سنگھ نے بتایا کہ آشیانہ کے اورنگ آباد میں رہنے والے رجن لال کا علاقہ کے رہنے والے ایک پراپرٹی ڈیلرصحیم سے بجنور روڈ پر واقع کلپ سٹی میں ایک زمین کے سلسلہ میں تنازعہ چل رہا ہے۔ جمعرات کی دوپہر رجن لال کی اہلیہ ۵۰سالہ
گڈن اور ان کی نند متنازعہ زمین پر پہنچیں۔ یہ دیکھ کر پراپرٹی ڈیلر اور اس کا ساتھی الطاف مشتعل ہو گیا۔ دونوں نے گُڈّن اوران کی نند کو دوبارہ مذکورہ زمین پر نہ آنے کی ہدایت دی۔ اس کے بعد فریقین کے درمیان کہا سنی ہونے لگی دیکھتے ہی دیکھتے بات اتنی بڑھ گئی کہ ملزم پراپرٹی ڈیلر اور اس کے ساتھی نے اسلحہ نکال لیااور گڈن کو گولی مار دی۔ گولی گڈن کے کمر کے پاس لگی اور وہ لہو لہان ہو کر وہیں گر پڑی۔ اچانک گولی چلنے کی آواز سن کر مقامی لوگ مدد کیلئے جمع ہو گئے۔ ملزم پراپرٹی ڈیلر اور اس کا ساتھی موقع سے فرارہو گیا۔ اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچی آشیانہ پولیس نے زخمی گڈن کو ٹراما سینٹر میں داخل کرایا۔ زخمی گڈن کی حالت خطرہ سے باہر بتائی جا رہی ہے۔ اس معاملہ میں متاثرہ فریق نے پراپرٹی ڈیلر صحیم اور اس کے ساتھی الطاف کے خلاف آشیانہ تھانہ میں نامزد رپورٹ درج کرائی ہے۔