لکھنؤ(نامہ نگار)پانی ہماری زندگی کیلئے بہت ضروری ہے۔ اس لئے گومتی کی صفائی میں ہر ایک کو اپنا تعاون دینا چاہئے۔ ان خیالات کااظہار جمعرات کو ضلع مجسٹریٹ راج شیکھر نے گومتی صفائی مہم کے اختتام کے موقع پر کہی۔ انہوں نے کہا کہ گومتی ندی صفائی مہم گذشتہ ۷نومبر سے شروع کی گئی تھی۔ صفائی ملازمین کے ذریعہ کافی محنت سے گومتی ندی کے کنارے اور گومتی ندی کے پانی سے جل کمبھی وغیرہ کی صفائی کی ہے ہم سب مل کر اس کو صاف ستھرا کر سکتے ہیں۔ ۱۶نومبر سے گومتی ندی کے کڑیا گھاٹ پر گومتی صفائی مہم شروع کی جائے گی اور
آئندہ بھی اس طرح کی صفائی مہم کے ذریعہ صفائی کا کام کرایاجاتا رہے گا۔ اس صفائی مہم میں پنچایت، آبپاشی محکمہ اور سول ڈیفنس اور ضلع سپلائی محکمہ اور دیگر متعلقہ محکموں کی جانب سے تعاون کیا گیا ہے۔ اس مہم میں شامل صفائی ملازمین کی ستائش کرتے ہوئے انہیں توصیفی سند سے نوازا گیا۔ اس موقع پر سی ڈی او یوگیش کمار نے کہا کہ بہت سی چیزیں ہمیں زمین سے ہی ملتی ہیں اس لئے بھی صفائی بہت ضروری ہے۔ تقریب میں اے ڈی او پنچایت سروجنی نگر اما شنکر مشر، ضلع پنچایت راج افسر ابھے کمار شاہی سمیت سبھی بلاکوں کے صفائی ملازمین اور اے ڈی او پنچایت و دیگر متعلقہ افسر وغیرہ موجود تھے۔