کانپور :ہربنش موہال پولیس نے موٹرسائیکل چوری کرنے والے گروہ کے ایک رکن کے گرفتار کرنے کا دعوی کیا ہے۔ گرفتار بدمعاش کے قبضہ سے چوری کی گئی چھ موٹرسائیکلیں پولیس نے برآمد کی ہیں۔ پولیس کے ایک ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمین کا نیٹ ورک اترپردیش کے علاوہ دیگر ریاستوں میں بھی سرگرم ہے۔ پولیس گرفتار بدمعاش کے دیگر ساتھیوں کی سرگرمی سے تلاش کررہی ہے۔ موصولہ خبر کے مطابق دیر رات ہربنش موہال کے ایس او ایس پی یادو پولیس ٹیم کے ساتھ گشت کررہے تھے۔ اسی دوران پارسل گیٹ کے قریب انہوں نے ایک مشتبہ نوجوان کو موٹرسائیکل سے آتے ہوئے دیکھا ۔پولیس کو دیکھ کر نوجوان نے موٹرسائیکل چھوڑ کر فرار ہونے کی کوشش کی لیکن ایس او نے بدمعاش کا تعاقب کر اسے گرفتار کرلیا ۔ پوچھ گچھ کے دوران نوجوان کی موٹر سائیکل بھی چوری کی ہوئی تھی۔ پولیس نے جب سختی سے نوجوان سے پوچھ گچھ کی تو اس نے خود کو موٹرسائیکل چوری کرنے والے گروہ کا رکن بتایا ۔ گرفتار نوجوان اٹاوہ کے ایک دل تھانہ علاقہ کا باشندہ سرجیت سنگھ ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ گرفتار بدمعاش کی نشاندہی پر چوری کی گئی چھ موٹرسائیکلیں برآمد کرلی گئیں ہیں۔ ایس او یادو نے بتایا کہ بدمعاش چوری کی موٹرسائیکلوں کے فرضی کاغذات بنوا کر کم قیمت میں اترپردیش ، مدھیہ پردیش اور ہریانہ میں فروخت کرتاتھا۔ ترجمان نے بتایا کہ گروہ کے دیگر ارکان کی پولیس سرگرمی سے تلاش کررہی ہے۔