لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔راجدھانی میں ۱۴؍نومبر کو آزاد ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لعل نہرو کے ۱۲۵ویں یوم پیدائش کے طورپر منایا گیا۔ لامارٹینئر گرلس کالج، سی ایم ایس، بال ودیا مندر سینئر سکنڈری اسکول لکھنؤ ، سینٹ فرانسس لوریٹو کانونٹ و دی لکھنؤ پبلک کالیجیٹ اسکول اور کوئنس انٹر کالج سمیت تمام اسکولوں میں یوم اطفال جوش وخروش سے منایا گیا۔ سماج کے کسی بھی نسل کی تبدیلی کی باگ ڈو
ر ایک لڑکے کے ہاتھوںمیں ہوتی ہے، ہم آج کے بچوں کو کیسے نظر انداز کرسکتے ہیں۔ ہندوستان میں سالانہ اپنے مستقبل کو سنوارنے والے کو سلام کیلئے ۱۴؍نومبر کا دن وزیر اعظم پنڈت جواہر لعل نہرو کے یوم پیدائش کو یوم اطفال کے طور پر دی لکھنؤ پبلک کالیجیٹ میں ہر سال کی طرح امسال بھی منایا گیا۔ مذکورہ باتیں دی لکھنؤ پبلک کالیجیٹ کے منیجر جاوین خان نے یوم اطفال کے موقع پرکہیں۔ انہوںنے کہاکہ ۱۴؍نومبر کو ہمارے کالج دی لکھنؤ پبلک کالیجیٹ کی دونوں شاخوں روچی کھنڈ و شاردا نگر میں اور۳ جاپلنگ روڈ میں یوم اطفال جوش و خروش سے منایا گیا۔ درجہ نرسری سے پانچ تک کے بچوں نے فینسی ڈریس مقابلہ میں بہت جوش و خروش سے حصہ لیا۔ وہیں راجدھانی کے لامارٹینئر گرلس اسکول میں یوم اطفال کے موقع پر کیک کاٹ کر چاچا نہرو کا یوم پیدائش منایاگیا۔اس موقع پر بچوں نے رنگین پوشاک میں پروگرام پیش کئے۔ بال ودیا مندر سینئر سکنڈری اسکول میں یوم اطفال جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ اسکول کے پرنسپل آر کے پانڈے، اساتذہ اور بچوں نے ملک کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لعل نہرو، پنڈت موتی لعل نہرو، بابائے قوم مہاتما گاندھی، لال بہادر شاستری اور ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کی تصویر پر گلہائے عقیدت پیش کرکے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر بچوں نے اپنی تقریروں میں پنڈت نہرو کی زندگی پر روشنی ڈالی اور ملک کے اتحاد اور یکجہتی بنائے رکھنے کا عہد کیا۔ بچوں نے ملک کو خوبصورت و صاف بنانے کیلئے مسلسل کوششیں کرنے کا بھی عہد کیا۔ اس کے علاوہ کوئنس انٹر کالج لال باغ میں آج پنڈت جواہر لعل نہرو کے ۱۲۵ویں یوم پیدائش پر یوم اطفال کی تقریب جوش و خروش سے منائی گئی جس میں مضمون مقابلہ، کرافٹ مقابلہ، آرٹ مقابلہ، فینسی ڈریس مقابلہ، رنگولی مقابلہ، مہندی مقابلہ، و کرکٹ مقابلوں کا اہتمام کیا گیا۔ مقابلوں میں درجہ ایک سے درجہ بارہ تک کے طلباء و طالبات نے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔اس موقع پر مقابلوں کا آغاز ہونے سے قبل وزیر اعظم آنجہانی پنڈت جواہر لعل نہرو کی تصویر پر اسکول کے پرنسپل ڈاکٹر آر پی مشرا، ملحق پرائمری کے انچارج دیپالی شرما ونائب پرنسپل منوج کمار کے ذریعہ گلہائے عقیدت پیش کیا گیا۔ اس کے بعد پرنسپل ڈاکٹر مشرا کی جانب سے آنجہانی نہرو جی کے ذریعہ ان کی زندگی میں آزادی سے قبل اور آزادی کے بعد کئے گئے تاریخی کاموں پر روشنی ڈالی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ان کے یوم پیدائش کو یوم اطفال کے طور پر منائے جانے کی روایت چھوٹے بچوںمیں حوصلہ بھرتی ہے۔ یوم اطفال کے موقع پر درجہ ایک سے درجہ تین تک کے طلباء و طالبات کے فینسی ڈریس مقابلے ہوئے۔ درجہ چار و پانچ اور درجہ چھ وسات کے طلباء و طالبات کے کرافٹ اور آرٹ مقابلے ہوئے۔ درجہ سات ،درجہ آٹھ، درجہ ۹ کی طالبات کے رنگولی مقابلے منعقد ہوئے۔ درجہ دس و گیارہ کی طالبات کے مہندی مقابلے پیش کئے گئے۔ درجہ ۹و ۱۰ اور درجہ گیارہ و بارہ کے طلباء کے درمیان کرکٹ مقابلے منعقد ہوئے۔ ایجوکیشنل اکیڈمی بالا گنج لکھنؤ میں یوم اطفال بڑے جوش و خروش سے منایا گیا۔ بچوں نے رنگا رنگ پروگرام پیش کرکے چاچا نہرو کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اسکول کی پرنسپل پروفیسر آصفہ زمانی نے جواہر لعل نہرو کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چاچا نہرو بچوں سے بہت پیار کرتے تھے اس لئے ان کے یوم پیدائش کو بچوںکا دن قرار دیا۔ کالی چرن پی جی کالج میں یوم اطفال کے موقع پر اسکولی طلباء و طالبات نے مختلف پروگرام پیش کر کے جواہر لعل نہرو کو خراج عقیدت پیش کیا۔