مسافر پروازیں فوجی ائیر بیس سے جاری رکھنا بھی ممکن نہ رہا
لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں عسکریت پسندوں اور عالمی حمایت یافتہ سرکاری افواج کے درمیان بد ترین لڑائی میں کم از کم چار افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ اس لڑائی کا مرکز طرابلس ائیر پورٹ اور اس سے ملحقہ کا علاقہ بنا ہوا ہے، ائیر پورٹ گذشتہ کئی ماہ سے فریقین کے درمیان لڑائی کا سبب
چلا آرہا ہے۔
آتشیں لڑائی کی تازہ لہر کے دوران چار ہلاکتوں کے علاوہ دس افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ملی ہیں۔ لڑائی میں سرکاری افواج کے مقابل ”فجر لیبیا” نامی عسکری گروپ کے اسلام پسند ہیں۔طرابلس ائیر پورٹ کے ذرائع نے بتایا ہے کہ متصل ائیر بیس پر ٹریفک آپریشنز روک دیے گئے ہیں۔
واضح رہے شہری پروازوں کو پچھلے ہفتوں کے دوران ائیر بیس پر منتقل کر دیا گیا تھا کیونکہ ائیر پورٹ پر مسلسل حملوں کے بعد اسے غیر معمولی نقصان پہنچا ہے، اس لیے اس پر مسافر طیاروں کی آمدو رفت ممکن نہ رہی تھی۔
ماہ جولائی سے ہی طرابلس ائیر پورٹ عسکریت پسندوں کا ہدف بنا ہوا ہے۔ اس دوران اس کا بڑا حصہ تباہ ہو چکا ہے۔ دارالحکومت طرابلس میں سخت بد امنی کی وجہ سے حکومت کے لیے اپنے دفاتر بھی یہاں قائم رکھنا ممکن نہیں رہے ہیں۔