انائو(نامہ نگار)انائوضلع کے شہر کوتوالی علاقہ کے گائوں سیلولی گڑھی اورکرمن کھیڑا کے جنگلات میں شیر کے آنے سے گائوں کے لوگ دہشت میں ہیں۔محکمہ جنگلات کے علاقائی ڈائریکٹر وی کے مشر انے بتایاکہ لکھنؤزندہ عجائب گھر اورمحکمہ جنگلات کی مشترکہ ٹیمیں شیر کو پکڑنے کی کوشش کررہی ہے ۔ واضح رہے کہ شیر نے گزشتہ دودنوںمیں دوجانوروںکا شکار کیا ہے۔مسٹرمشرا نے ماہرین ٹیم
کی قیادت کرنے والے لکھنؤزندہ عجائب گھر کے ڈپٹی ڈاکٹر اتکرش شکلا کے حوالے سے بتایاکہ پیلی بھیت دھوا نشینل پارک سے فرار شیر سیتا پور، لکھنؤ کے بعد یہاں پہنچ گیا ہے۔ انھوں نے بتایاکہ پیلی بھیت ، سیتاپور اورلکھنؤ میں پنجوں کے نشان ملے تھے۔ایسے نشان انائو میں بھی ملے ہیں اس لئے یہ امکان ہے کہ شیر بھٹکتا ہوایہاں پہنچ گیا ہے ۔ مسٹرمشرا نے بتایاکہ وائلڈ لائف ٹرسٹ آف انڈیا کے ماہرین کی رپورٹ میں شیر کے پنجوں کے نشان اورشکار جانوروں کے جسم پر دانتوں کے نشانوں سے یہ امکان ہے کہ شیر نوعمر ہے۔اوراس کی عمرڈھائی سے تین برس کے درمیان ہوسکتی ہے ۔علاقائی ڈائریکٹرنے بتایاکہ ماہرین کی ٹیم نے ناکہ بندی کرتے ہوئے جنگل میں عام لوگوں کے داخلے پر پابندی لگادی ہے ۔ اورجنگل کے تمام راستوں کو بند کردیا ہے۔انھوں نے بتایا کہ ہاتھیوں کی مدد سے شیر کی تلاش کی جارہی ہے ۔ جنگل کے جس علاقہ میں شیر کے ہونے کا امکان ہے وہاں پر اسے پکڑنے کے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔