لکھنؤ(نامہ نگار)ریاست کے وزیر صحت وکنبہ بہبود احمد حسن نے ویرانگنا اونتی بائی نسواں اسپتال سے پولیو مہم کی شروعات کرتے ہوئے کہا کہ ایک بھی بچہ پولیو خوراک پینے سے رہ نہ جائے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو سماج کیلئے لعنت ہے جسے سبھی کو مل کر ختم کرنا ہوگا۔ بچوں کو پولیو خوراک پلا کر مسٹر حسن نے مہم کا افتتاح کیا۔
وزیر صحت احمد حسن نے کہا کہ پانچ سال تک کے سبھی بچوں کو پولیو کی خوراک پلانا انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی وجہ سے کوئی بچہ آج یوم پولیو پر خوراک پینے سے محروم رہ جاتاہے تو دوسرے دن گھر گھر پہنچ کر دو
ا پلانے والی ٹیم کے آنے پر دوا ضرور پلائیں۔ مسٹر حسن نے کہا کہ اگر کوئی پولیو کی خوراک پلانے کی مخالفت کرتا ہے تو ایسے کنبوں کو ٹیم کے ساتھ جا کر دوا پلائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ انسداد پولیو پروگرام ریاستی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ سبھی کو مل کر اس میں تعاون کرنا ہوگا تبھی وائرس کے دوبارہ انفکشن کو روکا جا سکے گا۔ پروگرام میں سی ایم او ڈاکٹر ایس این ایس یادو نے بتایا کہ اس مرحلہ میں پانچ سال تک کے بچوں کو دوا پلانے کا ہدف ۸۰۷۹۱۳ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیو بوتھوں کی تعداد ۲۷۸۳، گھر گھر جانے والی ٹیموں کی تعداد ۱۸۹۱، موبائل ٹیموں کی تعداد ۱۳۶، ٹرانزٹ ٹیموں کی تعداد ۲۳۴، سپر وائزرس کی تعداد ۵۶۷، ویکسینیٹر کی تعداد ۶۱۳۷ ہے۔ گھر گھر جانے والی ٹیموں کے ذریعہ ۱۷نومبر سے ۲۱نومبر تک دواپلائی جائے گی۔ اس موقع پر ضلع مجسٹریٹ راج شیکھر، ڈائریکٹر جنرل کنبہ بہبود ڈاکٹر وجے لکشمی اور ڈائرکٹر قومی صحت مشن امت گھوش سمیت کئی افسر موجود تھے۔