لکھنؤ(نامہ نگار)آشیانہ علاقہ میں شادی شدہ خاتون منچن کی موت کے معاملہ میں پولیس نے آج ا س کے شوہر کو جہیز قتل کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ ایس او آشیانہ سدھیر پال نے بتایا کہ آشیانہ کے پاور ہاؤس چوراہا پر رہنے والا انوراگ ایک پرائیویٹ کمپنی میں ملازمت کرتاہے۔ اس کی چھ ماہ قبل بارہ بنکی کے رام دین دکشت کی بیٹی ۲۷سالہ منچن سے شادی ہوئی تھی۔ شادی کے بعد سے شوہر اور سسرال والے اس کو جہیز میں ایک لاکھ روپئے کے مطالبے کو لے کر پریشان کر رہے تھے۔ گذشتہ ۲۲؍اکتوبر کو منچن مشتبہ حالت میں آگ سے جھلس گئی تھی اور اس کو سول اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ سسرال والوں نے منچن کے میکے والوں کو فون پر اطلاع دی تھی کہ منچن نے پھانسی لگا لی ہے۔ میکے والے جب سول اسپتال پہنچے تودیکھا کہ منچن شدید طور سے جھلسی ہوئی ہے۔ دوران علاج منچن کی موت ہو گئی۔ اس معاملہ میں اس کے والد نے شوہر انوراگ،دیور چھوٹو، سسر اودھیش اور ساس پونم کے خلاف آشیانہ تھانہ میں جہیز قتل کی رپورٹ درج کرائی تھی۔ تفتیش کے بعد آج آشیانہ پولیس نے ملزم انوراگ کو گرفتار کر لیا۔