نئی دہلی، 17 نومبر (یو این آئی) یورپی خلائی ایجنسی (ای ایس اے) نے روسیٹا سیٹلائٹ سے بھیجے گئے اپنے روبوٹ فلی‘ کے پہلی بار 67 پی سیارہ کی سطح کو چھونے کی تصویریں جاری کی ہیں۔
شمسی توانائی سے چلنے والا فلی بدھ کو سیارے کی سطح پر اترا تھا ۔ یہ پہلا موقع تھا جب کسی لینڈر
کو کسی سیارے پر اتارا گیا تھا ۔پہلی بار سیارہ کی سطح کو چھونے کے بعد فلی اچھل کر ایک میل اوپر آ گیا تھا اور پھر چند منٹ بعد کامیابی کے ساتھ اترا تھا۔ حالانکہ وہ مقررہ جگہ سے نصف میل دور اترا تھا۔
فلی کے پہلی بار 67 پی کی سطح کو چھونے کی تصاویر کوای ایس اے نے روسیٹا کے بلاگ پر جاری کیا ہے۔ اس میں فلی اور سطح پر اس کا سایہ دکھائی دے رہا ہے۔ تحقیق کاروں نے ان تصاویر کاگہرا مطالعہ کرنے کے بعد انہیں جاری کیا ہے۔
روسیٹا سیٹلائٹ کے ذریعے ملی تصاویر اور دیگر معلومات زمین پر بھیج رہا ہے لیکن سائنسدانوں کو ابھی تک فلی کی جھلک نہیں ملی ہے۔ خیال ہے کہ سیارہ کی سطح پر اترنے کے دوران فلی کو نقصان پہنچا ہے اور وہ ایسی جگہ پھنسا ہے جہاں اس کی بیٹری چارج نہیں ہو پا رہی ہے۔
سائنس داں فلی کی پوزیشن تبدیل کرنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں تاکہ اس کی بیٹری چارج ہو سکے ۔ اس کے لیے فلی کو چار سینٹی میٹر اوپر اٹھانا اور اس کے اہم حصے کو 35 فیصد تک گھماناہوگا تاکہ اس کے سب سے بڑے شمسی پینل کو زیادہ سے زیادہ سورج کی روشنی مل سکے۔