کراچی۔پاکستان ہاکی فیڈریشن نے مالی مشکلا ت کے سبب دورہ کوریا کے بعد چمپئن ٹرافی ہاکی ٹور نامنٹ میں ٹیم کو ہندوستان نہ بھیجنے کے بارمیں غوروخوص شروع کردیا۔ دوسری جانب کھلاڑیوں نے میگا ایونٹ میں واہگہ بارڈر کے ذریعے بھارت جانے سے انکار کردیا ہے۔کھلاڑیوں نے دھمکی دی ہے کہ اگر انہیں جہاز سے بھی ہندوستان بھیجا گیا اورایونٹ سے پہلے کھلاڑیوں کو معاہدے کی رقم نہیں دی گئی
تو اس ایونٹ کے دوران وہ بازو پر سیاہ پٹی باندھ کر بطور احتجاج میچوں میں حصہ لیں گے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن مالی مشکلات کا شکار ہے جس کی وجہ سے ہندوستان میں اگلے ماہ ہونے والی چمپئن ٹرافی ہاکی ٹور نامنٹ میں ٹیم کی شر کت مشکوک نظر آ رہی ہے۔اس ضمن میں پی ایچ ایف کے قریبی ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پی ایچ ایف اس وقت شدید مالی مشکلات سے دوچار ہے اور اس کیلئے قومی ٹیم کو جہاز سے ہندوستان بھیجنا ممکن نہیں ہے۔فیڈریشن کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کو 28 نومبر کو چمپئن ٹرافی میں شر کت کیلئے بھو بنیشور اڑیسہ جانا ہے جس کیلئے پی ایچ ایف کے مالی وسائل کم ہیں۔اس بناپر فیڈریشن نے ٹیم کا نام اس ایونٹ سے واپس لینے پر غور شروع کردیا ہے۔پی ایچ ایف کے حکام نے اس حوالے سے پاکستان اسپورٹس بورڈ اور بین الصوبائی رابطے کی وفاقی وزارت سے بھی رابطہ کیا ہے جس نے کچھ یقین دہانی کرائی ہے اس بارے میں ایک سے دوروز میں صورت حال واضح ہوگی جس کے بعد پی ایچ ایف اپنے حتمی فیصلہ کا اعلان کرے گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل مالی مشکلات کے سبب ٹیم کو دورہ کوریا منسوخ کرنا پڑا تھا۔