سہارنپور(نامہ نگار)۔ریاست کے سابق رکن اسمبلی وجے پال سنگھ کی بیٹیگیتو کی پراسرار طور پر موت کے الزام میں تھانہ صدر بازار پولیس نے سابق ضلع جج پتامبر سنگھ ، ان کی اہلیہ منیش سنگھ اور بیٹی گیتو کے شوہر اسسٹنٹ کمشنر سیل ٹیکس کو گرفتار کرنے کے بعد جیل بھیج دیا ہے۔ مجسٹریٹ نے تینوں ملزمین کو ضمانت دینے سے انکار کردیا ہے۔ خبر کے مطابق بریلی کے سابق بی ایس پی کی رکن اسمبلی کی بیٹی گیتو کی شادی سابق ضلع جج پتامبر سنگھ کے بیٹے و اسسٹنٹ کمشنر اشونی کے ساتھ ۲۰۱۳ کو ہوئی تھی ۔ سابق رکن اسمبلی وجے پال سنگھ نے بتایا کہ جہیز کے مطالبے کے لئے اشونی سنگھ ان کی بیٹی کو پریشان کررہا تھا ۔ اور اس کے ساتھ مار پیٹ کرتا تھا ۔ انہوں نے بتایا کہ اشونی سنگھ نے ان کی بیٹی سے دو کروڑ روپئے لانے کا مطالبہ کیا تھا ۔ اور تین روز قبل اشونی سنگھ نے گیتو کو مارا پیٹا تھا ۔ اس کے اگلے دن گیتو اپنے گھر کے باہر مردہ حالت میں پائی گئی ۔ اس معاملہ میں پولیس نے ملزمین کو گرفتار کرنے کے بعد جیل بھیج دیا ہے ۔