لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ غازی پور کے اندرا نگر سیکٹر پچیس میں رہنے والے سبکدوش آئی اے ایس افسر رام بھروسے بھاسکر نے آج صبح اپنے گھر میں لائسنسی ریوالور سے خود کو گولی مار کر اپنی جان دے دی۔ ان کے ہاتھ کا لکھا ایک خود کشی نوٹ بھی پولیس کو ملا ہے۔ خود کشی نوٹ میںانہوں نے اپنی بیماری سے پریشان ہوکر جان دینے کی بات لکھی ہے۔ رام بھروسے بھاسکر موجودہ وقت میں سماج وادی پارٹی کی ریاستی مجلس عاملہ کے رکن بھی تھے۔ انسپکٹر غازی پور اجیت سنگھ چوہان نے بتایا کہ سیکٹر پچیس کے مکان نمبر ۹۴ میں سبکدوش آئی اے ایس افسر ۷
۰ سالہ رام بھروسے بھاسکر اپنی اہلیہ وملا بھاسکر کے ہمراہ رہتے تھے۔ وملا دیوی جالون سے ضلع پنچایت رکن ہیں۔ رام بھروسہ کی بیٹی اندو دہلی میں رہتی ہے جبکہ ایک بیٹا ہریش سیتاپورمیں لوور جج ہے اور دوسرا بیٹا ہمانشو دہلی بی ایس این ایل میں افسر ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ آج صبح تقریباً ۹ بجے رام بھروسے بھاسکر نے اہلیہ وملا کے ہمراہ چائے پی اور پھر اپنے بیڈ روم میں چلے گئے ۔ بیڈ روم میں انہوں نے اپنی لائسنسی ریوالو سے کنپٹی پر گولی مار لی۔ گولی چلنے کی آواز سنتے ہی ان کی اہلیہ کمرے میں دوڑکرپہنچی تو دیکھا کہ رام بھروسے بھاسکر خون سے پت پت پڑے تھے۔ انہوں نے مدد کیلئے شور مچایا۔ شور سن کر آس پاس کے لوگ وہاںپہنچ گئے۔ لوگوں کے ذریعہ زخمی رام بھروسے کو علاج کیلئے پہلے رام منوہر لوہیا اسپتال لے جایا گیا جہاں سے ان کو ٹراماسینٹر بھیج دیا گیا۔ ٹراما سینٹر لے جاتے وقت ان کی موت ہو گئی۔ اطلاع ملتے ہی موقع پر غازی پور پولیس بھی پہنچ گئی۔ تفتیش کے دوران پولیس کو رام بھروسے کے بیڈ روم سے ان کے ہاتھ کا انگریزی میں لکھا خود کشی نوٹ ملا ہے جس میں انہوں نے بیماری سے پریشان ہوکر جان دینے کی بات لکھی تھی۔ پولیس نے رام بھروسے کے خود کشی نوٹ اور ان کی لائسنسی ریوالور کو اپنے قبضہ میں لے لیا ہے۔ تفتیش کے بعد پولیس نے ان کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ رام بھروسے بھاسکر نے بیماری سے پریشان ہوکر خود کشی کی ہے۔
اہل خانہ نے بتایا کہ رام بھروسے بھاسکر کو استھما اور سلیپ ڈسک کی بیماری تھی۔ فی الحال پولیس ہر پہلو پر تفتیش کرر ہی ہے۔ سبکدوش آئی اے ایس رام بھروسے بھاسکر چیف سکریٹری توانائی کے عہدہ سے سبکدوش ہوئے تھے۔اسی کے ساتھ وہ ایس پی سربراہ ملائم سنگھ یادو کے سکریٹری بھی رہ چکے تھے۔