لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ راجدھانی کے نگوہاں تھانہ میں تعینات ایس ایس آئی کو ایک کسان یونین لیڈر سے دس ہزار روپئے رشوت لیتے ہوئے ویجلنس کی ٹیم نے آ ج رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔اس کے بعد داروغہ کے خلاف نگوہاں تھانہ میں بھی انسداد بدعنوانی ایکٹ کی دفعہ کے تحت رپورٹ درج کرکے ان کو گرفتار کرلیا گیاہے۔ایس پی دیہات حبیب الحسن نے بتایا کہ نگوہاں تھانہ میں کچھ دن قبل ایک وکیل نے اپنی بیٹی کے عاشق کو پھنسانے کیلئے عصمت دری کی جھوٹی رپورٹ درج کرائی تھی۔وکیل کے ساتھ اس کام میں ان کی مدد ایک کسان لیڈر راج کمار نے کی تھی۔ جھوٹی واردات کاانکشاف ہون
ے کے بعد پولیس نے متاثر نوجوان کی تحریر پر وکیل اور کسان لیڈر کے خلاف رپورٹ درج کر کے دونوں کو گرفتار کرلیا تھا۔ کسان لیڈر راج کمار کی گاڑی تھانہ میں لاوارث داخل کی گئی تھی۔ ضمانت پر رہا ہونے کے بعد کسان لیڈر راج کمار اپنی گاڑی چھڑوانے کیلئے تھانہ پہنچا۔ اس کی ملاقات وہاں تعینار ایس ایس آئی راجونت سنگھ سے ہوئی۔ ایس ایس آئی نے دس ہزار روپئے گاڑی چھوڑنے کے نام پر مانگے۔ کسان لیڈر نے اس بات کی شکایت ویجلنس ٹیم سے کر دی۔ اس کے بعد ویجلنس کی ٹریپ ٹیم نے جمعہ کی شام ایس ایس آئی راجونت سنگھ کو کسان لیڈر راج کمار سے دس ہزار روپئے کی رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ اس کے بعد ایس ایس آئی کے خلاف نگوہاں تھانہ میں ہی انسداد بدعنوانی ایکٹ کی دفع کے تحت رپورٹ درج کر کے اس کو گرفتار کیا گیا۔ایس پی دیہات نے بتایا کہ ایس ایس آئی کے خلاف شکایت ایس ایس پی کو بھی بھیجی گئی ہے اور اب اس کو معطل بھی کیا جائے گا۔