لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ بھارتیہ جنتا پارٹی نے دھان خرید مراکز کی بے ضابطگیوں کے خلاف ریاستی حکومت پر زبردست حملہ کیا ہے۔ بی جے پی کے ریاستی صدر ڈاکٹر لکشمی کانت باجپئی نے کہاکہ پوری ریاست میں اترپردیش حکومت کے تحفظ میں دھان خرید کے نام پر کسانوں کے ساتھ اتنا بڑا دھوکہ شاید کبھی نہیں ہوا۔ ریاست میں کسان پہلے سے ہی بجلی ، پانی اور کھاد کی کمی سے پریشان تھے۔ اس پرکسانوں نے اپنی محنت کے بل پر جب دھان پیدا کیا تو حکومت کی غلط پالیسیوں و انتظامیہ اور بچولیوں کی ساز باز کے سبب اس کی خرید نہیں ہو پا رہی ہے۔ دھان خرید مراکز بند پڑے ہیں۔ ڈاکٹر باجپئی نے کہاکہ کسان ۹۰۰ روپئے فی کنتل پر بچولیوں کے ہاتھ دھان فروخت کرنے کو مجبور ہے جبکہ سرکاری قیمت ۱۳۶۰ سے ۱۴۰۰ روپئے ہے۔ دھان کی خرید نہ ہونے سے ناراض بی جے پی کارکنان ، ریاستی صدر ڈاکٹر لکشمی کانت باجپئی کی قیادت میں ریاستی دفتر سے سر پر دھان کی بوری رکھ کر نکلے اور ضلع مجسٹریٹ دفتر پہنچے۔ ضلع مجسٹریٹ دفتر سے باہر آئے جن کو بی جے پی صدر نے دھان کی بوری سونپی اور دھان خرید مراکز کی بدحالی کے سلسلہ میں ضلع مجسٹریٹ کو عرضداشت سونپ کر قصوروار افسران کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔