کولمبو۔سری لنکا کے خلاف آج سے شروع ہو رہی ایک روزہ کرکٹ سیریز کے ذریعہ انگلینڈ کا ارادہ اس سال کی شروعات میں ملی شکست کا بدلہ لینے کا ہوگا۔ سات میچوں کی سیریز سے پہلے انگلینڈ کے کپتان ایلیسٹیر کک نے یہ کہہ کر بحث چھیڑ دی ہے کہ ان کی ٹیم ٹسٹ اور ون ڈے سیریز کی شکست کا بدلہ برابر کرنا چاہے گی۔ ٹسٹ سیریز میں ملی شکست کے بعد کک کی کپتانی خطرے میں آ گئی تھی۔ اس کے بعد ون ڈے میں آف اسپنر سچترا سینانائیکے نے متنازعہ طریقے سے گیند ڈالتے وقت جوس بٹلر کو رن آؤٹ کر دیا تھا۔دوسری طرف ہندوستان سے حال ہی میں 5۔ 0 سے ہاری سری لنکا کی ٹیم جیت کی راہ پر لوٹ کر ورلڈ کپ سے پہلے اپنا حوصلہ اونچا کرنا چاہے گی۔ سری لنکا کے کپتان انجیلو میتھیوز نے کہا کہ ان کی ٹیم ہندوستان سے ملی ہار کو بھلانے اور ورلڈ کپ کیلئے صحیح مجموعہ تلاش کرنے کیلئے ان میچوں کا استعمال کرے گی۔انہوں نے کہاہمیں لے حاصل کرنی ہوگی۔ اس کے علاوہ عالمی کپ کیلئے ٹیم مجموعہ بھی تیار کرنا ہوگا۔ اس سیریز کے بعد تصویر صاف ہو جائے گی کہ ورلڈ کپ میں کون کون کھیلے گا۔وہیں دوسری جانب سری لنکا نے انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے ابتدائی تین میچوں کیلئے ٹیم کا اعلان کردیا۔ ٹیم کی قیادت اینجلو میتھیوز کرینگے۔ حکام نے اعلان کردہ اسکواڈ میں کئی تبدیلیاں کی ہیں، بولنگ اٹیک میں خاص طور پر توجہ دی گئی ہے۔ تھیلان کنڈمبیکو 2011 کے بعد پہلی بار ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔ نووان کلاسکیرا جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔ دلروان پریرا پر بھی اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے۔ انہوں نیآخری بار ون ڈے میں 2008 میں سری لنکا کی نمائندگی کی تھی۔ سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان ون ڈے سیریز میں سات میچزکھیلے جائیں گے جن کاآغازآج سے ہوگا۔ انگلینڈ کی ٹیم رواں برس ون ڈے میں پے در پے شکستوں سے دوچار رہی ہے۔ سری لنکن ٹیم کوحال ہی میں ہندوستان کے خلاف پانچ میچوں کی سیریز میں تاریخی وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ سری لنکن ٹیم میں اینجلو میتھیوز (کپتان)،کمار سنگاکارا،مہیلا جے وردھنے، تلکارتنے دلشان، کوشل پریرا(وکٹ کیپر)، لاہیرو تھریما نے، جیون مینڈس، تھیلان کنڈمبے، رنگانا ہیراتھ، دلروان پریرا، اجنتھامینڈس، شمندا ایرانگا، دھمیکا پرشاد، تھیسارا پریرا اور لاہیرو گماگے شامل ہیں۔