شارجہ۔ نیوزی لینڈکے خلاف کھیلی جارہی ٹسٹ سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے۔پاکستان نے آخری ٹسٹ کی پہلی اننگ میں تادم تحریرتین وکٹ کے نقصان پردوسوبیس رن بنالئے تھے۔پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ نے
شاندار اننگ کھیلتے ہوئے نیوزی لینڈکے خلاف آخری ٹسٹ میچ میںسنچری بنائی۔شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں پاکستان نے ٹیم میں توفیق عمر اور احسان عادل کی جگہ محمد حفیظ اور محمد طلحہ کو شامل کیا ہے، دیگر کھلاڑیوں میں شان مسعود، اظہر علی، یونس خان، مصباح الحق، اسد شفیق، سرفراز احمد، یاسر شاہ، ذوالفقار بابر اور راحت علی شامل ہیں، کیویز الیون میں جیمز نیشم کی جگہ تجربے کار آل راؤنڈر ڈینئیل ویٹوری نے جگہ بنائی ہے اس طرح ویٹوری نیوزی لینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ ٹیسٹ میچز کھیلنے والے کرکٹر بن گئے ہیں۔پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ اور شان مسعود نے اننگز کا آغاز کیا اور دونوں کھلاڑیوں نے 44 رنز کی شراکت قائم کی تاہم اس موقع پر شان مسعود 12 رنز بنا کر مارک کریگ کے ہاتھوں بولڈ ہوگئے۔واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو ایک صفر سے برتری حاصل ہے۔وہیں دوسری جانب پاکستانی کرکٹ چیف سلیکٹر معین خان نے کہا ہے کہ عبدالرزاق کیلئے قومی ٹیم کے دروازے کھلے ہیں، مگر وہ پہلے ڈومیسٹک کرکٹ کھیل کر اپنی فٹنس ثابت کریں۔ شارجہ سے فون پر نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ایل راؤنڈر نے ملک کیلیے بڑی خدمات انجام دیں اور ان سمیت کسی بھی باصلاحیت کرکٹر کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا، مجھے بڑی خوشی ہے کہ وہ دوبارہ قومی ٹیم کی نمائندگی کرنا چاہتے ہیں مگر اس کیلیے انھیں ڈومیسٹک میچز میں حصہ لے کر فارم اور فٹنس ثابت کرنا ہوگی۔ یاد رہے کہ عبدالرزاق انگلینڈ میں لیگ کرکٹ کھیل کر حال ہی میں وطن واپس ایئے ہیں، وہ ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی نمائندگی کے خواہاں ہیں۔