لکھنؤ(بیورو)چیف سکریٹری آلوک رنجن نے افسران کو ہدایت دی ہے کہ لکھنؤ شہر میں چل رہے ترقیاتی کاموں کا وہ خودمعائنہ کریںگے، اگر کاموں کے معیار میں کوئی کمی پائی گئی تو افسران او رانجینئروں کو بخشا نہیں جائے گا۔ اس کے علاوہ کچھ پروجیکٹوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کیلئے انتباہ بھی دیا گیا ہے۔ جے پرکاش نرائن انٹرنیشنل سینٹر کی چہاردیواری اور پارکنگ بلاک کا کام ۱۵؍اپریل ۲۰۱۵ء تک ، بقیہ کاموں کو جون ۲۰۱۶ء تک مقررہ معیار کے ساتھ مکمل کرانے کی ہدایت دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لکھنؤ امر شہید پتھ پر گومتی ندی کے داہنے
جانب ۳۶۰کروڑ روپئے کی لاگت سے کل ۱۳۷؍ایکڑ آراضی پر ۵۰ہزار ناظرین کی صلاحیت والے اسپورٹس انفرا اسٹرکچر کو دسمبر ۲۰۱۶ء تک مکمل کرنا ہوگا۔ گومتی ندی کے کنارے بڑھتی گندگی اور آلودگی کے نمٹارے اور گومتی ندی کے پشتوںکو مزید خوبصورت اورعوامی استعمال کیلئے بنائے جانے کیلئے ڈالی گنج پل سے ہنومان سیتو تک کے ۷ء۱ کلومیٹر لمبائی میں ندی کے کنارے کے ترقیاتی کاموں کے پروجیکٹ کو مارچ ۲۰۱۵ء تک مکمل کرا دیا جائے۔ اس گھاٹ کا تعمیری کام ۶۵فیصد محکمہ آبپاشی اور بقیہ ۳۵فیصد کاموں کو مقررہ مدت میں ایل ڈی اے مکمل کرے گا۔
چیف سکریٹری نے محکمہ جاتی جائزہ کے دوران کہا کہ لکھنؤ ترقیاتی اتھارٹی جنیشور مشر پارک میں لندن آئی پیٹرن کی طرز پر لکھنؤ اکائی کے قیام کے سلسلہ میں منصوبے اور تجویز کو جلد تیار کرے اس پارک میں واکنگ ٹریک، سائکلنگ ٹریک، لینڈ اسکیپنگ، اعلیٰ زمرے کی گھاس اور شجر کاری ، بنچ اور عوامی سہولتیں بیت الخلاء، بچوں کے کھیل کی جگہ اور واٹر باڈی بنانے کا کام ابھی باقی ہے جسے وقت سے مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔