کانپور (نامہ نگار)۔چین کے دعوت نامہ پر بی جے پی کا ایک وفد وہاں گیا تھا ۔ چین سے واپس ہونے کے بعد وفد کے رکن اور کانپور آریہ نگر اسمبلی حلقہ کے رکن اسمبلی شلیل بشنوئی چین کی ترقی سے متاثر دکھائی دیئے ۔ انہوں نے کہا ک
ہ اپنی اسمبلی حلقہ میں چین کی طرز پر ترقی کرانے کی کوشش کریں گے ۔ بی جے پی کے نوین مارکٹ واقع دفتر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین نے ترقی کی مثال قائم کی ۔ چین ہندوستان سے دو سال بعد آزاد ہوا تھا لیکن وہ آج ہمارے ملک سے ۲۵ سال آگے ہے ۔ چین کے لوگوں کی ملک سے وفاداری اور ڈسپلن نے چین کی ترقی میں اہم رول ادا کیا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ کانپور میں کمیونسٹوں نے کارخانہ ہڑتال کے ذریعہ ختم کرادئے لیکن چین میں ایسا نہیں ہوتا ہے۔ انہوں نے پیشین گوئی کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ کچھ برسوں میں چین امریکہ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دنیا میں پہلا مقام حاصل کر لے گا۔ انہوں نے کہا کہ چین میں انہوں نے جو کچھ دیکھا وہ بہت اچھا تھا اور وہ اسے اختیار کرنے کی کوشش کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پھول باغ میں واقع اجتماعی مرکزکو کا رپوریشن سے لینے کا مطالبہ کیا جائے ۔