سڈنی۔آسٹریلیا کے نوجوان تیز گیند بازشین ایبٹ کو مشکل کے وقت میں چوطرفہ حمایت مل رہی ہے جن کے بائونسر پر بلے باز فلپ ہیوز کو جان لیوا چوٹ لگی اور بعد میں ان کی موت ہو گئی۔ ہیوز کی بہن میگان بھی آسٹریلوی کرکٹرز اور کائونسلرس کے ساتھ ایبٹ کو اس واقعہ سے نکالنے والوں میں شامل ہیں۔ ایبٹ مبینہ طور پر اس واقعہ سے سکتے میں ہیں اور ٹوٹ چکے ہیں۔ میگان نے اکتوبر میں آسٹریلیا کی جانب سے ون ڈے اور ٹی 20 میں قدم رکھنے والے 22 سالہ ایبٹ سے ملاقات کی اور انہیں حمایت کی پیشکش کی جبکہ دوسری طرف خاندان کے رکن، دوست اور کرکٹر اسپتال میں لگے جہاں کل ہیوز کی موت ہوئی۔ آسٹریلیا کے ٹیم ڈاکٹر پیٹر بروکنر نے کہافلپ کی بہن میگان یہاں آئی اور اس نے شین کے ساتھ کافی وقت گزارا۔ شین ایبٹ کافی بڑے جھٹکے سے گزر رہا ہے اور اس دن میدان پر موجود تمام لوگوں کے ساتھ ایسا ہواتھا۔بروکنرنے ساتھ ہی کہا کہ قومی ٹیم کے کپتان مائیکل کلارک نے بھی ایبٹ کے ساتھ کافی وقت گزارا۔ منگل کو شیفیلڈ شیلڈ میچ کے دوران ایبٹ نے ہیوز کو بائونسر پھینکی جو صحیح پل شاٹ نہیں کھیل پائے اور گیند ان کی گردن کے پاس لگی جس کے بعد وہ بے ہوش ہو گئے۔ اس کے بعد دماغ میں کافی خون بہنے کی وجہ اسپتال میں ان کی موت ہو گئی۔پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور سابق فاسٹ بولر وقار یونس نے کہا ہے کہ آسٹریلوی بلے باز فلپ ہیوز کو ہلاکت خیز گیند کرنے والے بولر شین ایبٹ کو نفسیاتی مدد کی ضرورت ہے تاکہ یہ نوجوان کھلاڑی کرکٹ سے وابستہ رہے۔ فلپ ہیوز کی ناگہانی ہلاکت کے بعد وقار یونس کی طرح دنیائے کرکٹ کے متعدد سابق کھلاڑیوں نے ایسے خدشات کا شکار کیا ہے کہ شاید بائیس سالہ آسٹریلوی بولر شین ایبٹ کرکٹ کو خیر باد کہہ دیں گے۔ اس تناظر میں وقار یونس نے جمعرات کے دن کہایہ ایک سوال ہے کہ آیا شین ایبٹ کرکٹ کھیلنا جاری رکھیں گے انہوں نے مزید کہا ایبٹ کو نفسیاتی مدد کی ضرورت ہے اور مجھے یقین ہے کہ یہ عمل شروع کر دیا گیا ہو گا۔وقار کے بقول اس مخصوص وقت میں شین ایبٹ کو پرسکون رہنے کی ضرورت ہے۔ اس دہلا دینے والے واقعے کے بعد جہاں دنیائے کرکٹ ایک غم کی کیفیت میں ہے، وہیں یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ اس ہلاکت میں شین ایبٹ کا کوئی قصور نہیں ہے اور انہیں اس وقت مدد کی ضرورت ہے۔ سابق انگلش فاسٹ بولر ڈیوڈ لارنس نے تو اس تناظر میں یہ بھی کہہ دیا ہے کہ اس سانحے کے بعد ایبٹ اپنا کیریئر جاری نہیں رکھ سکیں گے۔ سن 1980میں ویسٹ انڈیز کے بلے باز فل سیمینز کو باؤنسر پر شدید زخمی کرنے والے لارنس نے کہامیں سمجھ سکتا ہوں کہ شین ایبٹ اس وقت کیا سوچ رہے ہوں گے میرا خیال نہیں کہ وہ دوبارہ کرکٹ کھیل سکیں گے۔