نئی دہلی، 29 نومبر (یو این آئی)شمالی دہلی کے کملا نگر علاقے میں مسلح لٹیروں نے آج دن دہاڑے پرائیویٹ بینک کے ایک اے ٹی ایم میں پیسہ ڈالنے کے لئے آنے والی کیش وین سے ڈیڑھ کروڑ روپے لوٹ لئے اور ایک سیکورٹی اہلکار کو گولی مار کر قتل کردیا۔
دہلی پولیس کے جوائنٹ کمشنر سندیپ گوئل نے یہاں بتایا کہ یہ واردات دن میں 11 بجے کے آس
پاس ہوئی۔ حادثے کا شکار وین ایک نجی کمپنی کی تھی جو کملا نگر اور روپ نگر میں ایک پرائیویٹ سیکٹر کے بینک کے اے ٹی ایم میں کیش ڈالنے آئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ وین کے ساتھ ایک سیکورٹی اہلکار بھی تھا ۔ اسی دوران دو شخص موٹر سائیکل پر آئے اور سیکورٹی اہلکار کو گولی مار دی۔ سیکورٹی اہلکار کے سر میں دو گولی لگی۔
پولیس افسر نے بتایا کہ لٹیروں نے وین میں ایک کروڑ 50 لاکھ روپے سے بھرا ایک بیگ اٹھا لیا اور ہتھیاروں کو ہوا میں لہراتے ہوئے فرار ہو گئے۔ بعد میں پولیس نے سیکورٹی اہلکار کو اسپتال پہنچایا گیا جہاں اسے مردہ قرار دے دیا گیا۔ روپ نگر تھانے میں قتل، مسلح ڈکیتی اور اسلحہ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
مجرموں کی تلاش کے لئے پولیس نے مہم شروع کر دیا ہے اور علاقے میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کو دیکھا جارہا ہے ۔ لٹیروں کی تلاش کے لئے پولیس ڈپٹی کمشنر مدھر ورما کی قیادت میں کئی ٹیموں کی تشکیل کی گئی ہے جبکہ پورے معاملے کی جانچ ذمہ خصوصی کمشنر دیپک مشرا کو سونپا گیا ہے۔