لکھنؤ(نامہ نگار)وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے آج معاشرہ میںصفائی وہریالی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ’کلین اینڈ گرین‘ کا نعرہ آج کے دور میں نہایت بامعنی ہے اور یہ نہ صرف ہمارے ماحول کو صاف ستھرا اور ہرا بھرا بنانے میں معاون ہو سکتا ہے بلکہ یہ ہماری فکر کو بھی شفاف بنا سکتا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ان خیالات کا اظہار آج یہاں کے ڈی سنگھ بابو اسٹیڈیم میں منعقد گنگا گومتی کرکٹ لیگ میچ کے اختتامی پروگرام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپنے ماحول کو صاف و شفاف رکھنے کی ذمہ داری ہم سب کی ہے کیونکہ ہماری خوشحالی، ترقی اور استحکام کیلئے صفائی بیحد ضروری ہے۔ریاستی حکومت مختلف ندیوں وغیرہ کی صفائی کے ساتھ ساتھ ماحول کو صاف و شفاف رکھنے کیلئے سنجیدہ کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ندیاں ہمارے لئے بیحد اہم ہیں اس لئے انہیں صاف رکھنے کی کوشش بھی بیحد ضروری ہے۔ ریاستی حکومت ’سالڈ ویسٹ مینجمنٹ‘ پر کام کر رہی ہے اور جلد ہی کوڑے کرکٹ سے بجلی بنانے کیلئے ایک پالیسی وضع کی جائے گی۔ سارنارتھ میں صفائی کے حوالے سے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت اس کیلئے مکمل تعاون کرے گی۔ کھیلوں کے سلسلہ میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کھیل ہم میں ہم آہنگی کا جذبہ پیدا کرتے ہیں۔ وہ مجھ میں ایک ساتھ کام کرنے
کیلئے ضروری اجتماعی جذبہ کا بھی فروغ دیتے ہیں۔
بودھ رہنما گیالوانگ درکپا کی قیادت میں یکم نومبر ۲۰۱۴ء کو وارانسی سے ’سوچھ بھارت ایکو پد یاترا‘ شروع ہو ئی تھی۔ اس یاترا کا مقصد ملک کے لوگوں کو صفائی اور ماحولیاتی تحفظ کیلئے بیدار کرنا ہے۔ آج اس کا اختتام لکھنؤ میں منعقد گنگا گومتی کرکٹ لیگ کے ایک نمائشی میچ کے ساتھ ہوا۔ یہ میچ ریسٹ آ لکھنؤ اور درکپا الیون کے درمیان کے ڈی سنگھ بابو اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ میچ میں ریسٹ آف لکھنؤ کی ٹیم نے فتح حاصل کی۔ وزیراعلیٰ نے فاتح ٹیم کے کپتان نونیت سہگل کو ٹرافی سے نوازا اور رنر ٹیم کے کپتان سونم کو رنرس اپ ٹرافی پیش کی۔ انہوں نے دونوں ہی ٹیموں کے کھلاڑیوں اور امپائروں کو یادگاری نشان دے کر سرفراز کیا۔اس سے قبل وزیراعلیٰ نے پروگرام میں پہنچنے کے بعد بودھ رہنما گیالوانگ درکپا کو شال پہنا کر اوریادگاری نشان پیش کیا۔ بودھ رہنما نے بھی وزیر اعلیٰ کو شال اور یادگاری نشان کے طور پر گوتم بدھ کی ایک تصویر بطور تحفہ پیش کیا۔ اس موقع پر بودھ ر ہنما نے اترپردیش حکومت کے ذریعہ ماحولیاتی تحفظ اور ندیوںکی صفائی وغیرہ کیلئے کی جا رہی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اگر اترپردیش ہرا بھر اور صاف رہے گا تو اس کا اثر پورے ہندوستان پر پڑے گا۔ انہوں نے ریاستی حکومت کے ذریعہ ریاست کی ترقی کیلئے کئے جا رہے اقدامات کی بھی تعریف کی۔ واضح ہو کہ وارانسی سے شروع ہونے والی پدیاترا میں ایک نیوز چینل نے اپنا پورا تعاون دیا اور اس کے مقصد کو عوام تک پہنچانے کی کوشش کی۔ وزیر اعلیٰ نے اس نیوز چینل کی اس کوشش کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس کے ذریعہ عوام کو تمام معلومات ملتی ہیں ساتھ ہی حکومت کو بھی عوام کے مختلف مسائل کے بارے میں معلومات حاصل ہوتی ہے۔ انہوںنے کہا کہ نیوز چینل عوام میں بیداری پیدا کرتے ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ نیوز چینل اپنے فرائض کی بہتر طریقے سے انجام دہی کرتے رہیںگے۔