کراچی۔قومی سلیکشن کمیٹی کو دو ماہ بعد اپنی غلطی کا احساس ہو ہی گیا۔ ٹسٹ میچز میں غیر معمولی کارکردگی پر اسٹار بیٹسمین یونس خان کو ون ڈے ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔ یونس خان نے پانچ ٹسٹ میں717 رنز بناکر سلیکٹر کو بھر پور جواب دیا۔ جبکہ حیران کن طور پر فواد عالم سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ معین خان کی سربراہی میں قومی سلیکشن کمیٹی نے اوپنر ناصر جمشید کو دوبارہ طلب کیا ہے حالانکہ وہ قائد اعظم ٹرافی میں فارم دکھانے میں ناکام رہے ہیں۔ فاسٹ بولر عمر گل کو بھی دوبارہ طلب کرکے بولنگ لائن اپ کو استحکام دیا گیا ہے۔ وکٹ کیپر سرفراز احمد کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں بھی جگہ دی گئی ہے۔ جنگ نے دو ہفتے پہلے سرفراز احمد کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں شامل کرنے کی خبر سب سے پہلے دی تھی۔ پاکستان کرکٹ بورڈنے اتوار کو نیوزی لینڈ کے خلاف ایک روزہ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے لیے قومی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ ون ڈے ٹیم کی قیادت مصباح الحق اور ٹی 20 ٹیم کی باگ ڈور شاہد آ فریدی کے ہاتھوں میں ہو گی۔ ون ڈے اسکواڈ میں یونس خان کی واپسی ہوئی۔ آ سٹریلیا کے خلاف و
ن ڈے سیریز میں تین صفر کی شکست کا سامنا کرنے والی ٹیم میں یونس خان شامل نہیں تھے۔ٹسٹ ٹیم سے اظہر علی، محمد طلحہ، راحت علی، شان مسعود، یاسر شاہ اور توفیق عمر،کو ون ڈے ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا ہے۔ احمد شہزاد بھی فٹ ہوگئے ہیں۔ عمر امین کو ڈراپ کردیا گیا ہے۔ صہیب مقصود ان فٹ ہیں۔ چیف سلیکٹر معین خان کا کہنا کہ ورلڈ کپ سے قبل ہمارے پاس اپنے کھلاڑیوں کو آ زمانے کیلئے یہ آ خری موقع ہے۔ دونوں ٹیمیں متوازن ہیں جس میں ہم نے ان فارم اور آ ل رائونڈرز کو شامل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونس خان کو ان کی شاندار بیٹنگ فارم کی وجہ سے موقع دیا ہے اسی طرح سر فراز احمد نے بیٹنگ میں اعلی کارکردگی پر ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں جگہ بنائی ہے۔ عمر اکمل وکٹ کیپنگ نہیں کریں گے۔ ون ڈے کے لئیسولہ رکنی اور ٹی ٹوئنٹی کے لئے14 رکنی ٹیم کا انتخاب کیا گیا ہے۔ ٹی ٹوئنٹی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ شاہد خان آ فریدی (کپتان)، احمد شہزاد، محمد حفیظ، حارث سہیل، سعد نسیم محمد عرفان، اویس ضیاء رضا حسن، سرفراز احمد، سہیل تنویر، عمر اکمل، عمر گل، انور علی اور وہاب ریاض۔ ون ڈے ٹیم کی کپتانی مصباح الحق کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں محمد حفیظ، احمد شہزاد، اسد شفیق، بلاول بھٹی، یونس خان، حارث سہیل، محمد عرفان، ناصرجمشید، سرفراز احمد، شاہد آ فریدی، سہیل تنویر،عمر اکمل،عمر گل،وہاب ریاض اور ذوالفقار بابر شامل ہیں۔