گزشتہ پانچ سال تک بڑے پردے سے دور رہنے والی چالیس سال کی ایشوریہ رائے دوبارہ فلموں میں واپس آ رہی ہیں۔ سن دو ہزار سات میں سنجے لیلا بھنسالی کی فلم گزارش میں کام کرنے کے بعد انہوںنے بالکل فلموں سے اپنے آپ کو الگ کر لیا تھا۔ لیکن اب وہ سنجے گپتا کی فلم ’جذبہ‘ سے اپنے فلمی کیریئر کا دوبارہ آغاز کرنے جا رہی ہیں۔ جس میں ان کے ساتھ سنجیدہ فلموں کے لئے جانے جانے والی بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ شبانہ اعظمی بھی ہیں۔ اس فلم سے پہلے بھی ایشوریہ رائے شبانہ اعظمی کے ساتھ امرا ؤ جان ادا کر چکی ہیں۔ ان دونوں کی جوڑی نے امراؤ جان کو کامیابی دلانے میں اہم رول ادا کیا تھا۔ اس لئے امید کی جا رہی ہے کہ یہ جوڑی ایک بار پھر اپنی پچھلی کارکردگی کو دوہرا سکتی ہے۔ جذبہ میں جان ابراہم کے ساتھ دوسرے ہیرو عرفان خان ہیں۔ ایشوریہ رائے نے ابھی تک کسی بھی فلم میں ایکشن یا ماردھاڑ والے سین نہیں کیے ہیں۔ فلم دھوم -۲ میں کچھ ایکشن سین ضرور کئے تھے لیکن انہیں ایکشن سین کی کٹیگری میں نہیں رکھا جا سکتا۔ لیکن فلم جذبہ میں جو ایکشن سین ہے وہ ایشوریہ رائے خود ہی کریں گی۔ اس کے لئے انہوں نے باقاعدہ ٹریننگ لینی بھی شروع کر دی ہے۔ ویسے تو اس فلم میں ان کا رول ایک وکیل کا ہے۔ وہ شبانہ اعظمی کی وکیل بنی ہیں۔ جبکہ شبانہ اعظمی ایک پروفیسر کے رول میں نظر آئیں گی جو انصاف حاصل کرنے کی لڑائی لڑ رہی ہیں۔ عرفان خان برخاست پولیس افسر کے کردار میں نظر آئیں گے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ سنجے گپتا ایشوریہ رائے کے شوہر ابھیشیک بچن کے ساتھ بھی ایک فلم کھوٹے سکے کرنے والے ہیں جو جذبہ کے فوراً بعد فلور پر آئے گی۔ اپنے انداز کے لئے جانے جانے والی بالی ووڈ کی دو اداکارائوںسے آراستہ فلم جذبہ کا انتظار ناظرین کو بے صبری سے رہے گا کیونکہ ان دونوں اداکارائوںکے تئیں ناظرین کی دیوانگیاںابھی کم نہیں ہوئی ہے۔