لکھنؤ: ملیح آباد علاقہ میں آج مارشل سوار مسلح بدمعاشوں نے ایک کپڑا کاروباری سے دس ہزار روپئے لوٹ لئے۔ جب اس نے مخالفت کی تو اس کی پٹائی کر کے گاڑی سے نیچے پھینک دیا۔ مال کے رام نگر کا ارون پھیری لگاکر کپڑے فروخت کرتا ہے۔ بتایا جاتاہے کہ جمعرات کو وہ سندیلہ جانے کیلئے گھر سے نکلا تھا۔ وہ جب ملیح آباد پہنچا تو سندیلہ جانے کیلئے ایک مارشل پر بیٹھ گیا جس میں پہلے ہی سے چند لوگ بیٹھے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ کچھ دور پہنچے کے بعد اسلحے سے ڈرا دھمکاکر دس ہزار روپئے لوٹ لئے اور جب اس نے گاڑی میں شور مچایا تو بدمعاشوں نے سراواں موڑکے پاس چلتی گاڑی سے نیچے پھینک دیا اور فرار ہو گئے۔ ارون کا کہنا ہے کہ وہ مارشل نمبر نہیں دیکھ سکاہے۔ اطلاع پر پہنچی ملیح آباد پولیس نے تفتیش کے بعد رپورٹ درج کر لی ہے حالانکہ ارون نے بتایا کہ اسلحے کے ذریعہ یرغمال بناکر اس سے لوٹ کی گئی لیکن ملیح آباد پولیس نے چوری کی دفعات کے تحت معاملہ درج کیا ہے جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ مارشل میں پہلے سے بیٹھے لوگوں نے اس کی جیب کاٹ لی ہے۔ جب وہ سراواں موڑ پر اترا تو اس کو جیب کٹنے کے بارے میں معلوم ہوا۔ اسی لئے چوری کی دفعات کے تحت رپورٹ درج کی گئی ہے۔