نئی دہلی، 2 دسمبر (یو این آئی) پارلیمنٹ کی کارروائی شروع ہونے سے پہلے کانگریس اور ترنمول کانگریس کے تقریباً پچاس سے زائد ممبران نے آج پارلیمنٹ کے احاطے میں مودی حکومت کے خلاف جم کر نعرے بازی کی اور اس پر عوام کے ساتھ ہر معاملے میں دھوکہ دینے کا الزام لگایا۔ ایک طرف پارلیمنٹ کے گیٹ پر ترنمول کانگریس کے تقریباً بیس سے زائد ممبران مودی حکومت کے خلاف نعرے بازی کررہے تھے تو ٹھیک ان کے سامنے بابائے قوم مہاتما گاندھی کے مجسمے کے پاس تقریباً 30 سے 35 کانگریسی ارکان پارلیمان بی جے پی حکومت کو چھ مہینے میں یو ٹرن کی حکومت بتاتے ہوئے نعرے بازی کررہے تھے۔
ترنمول کانگریس کے ممبران پارلیمنٹ کے داخلی دروازے پر اس طرح کھڑے تھے کہ کوئی پارلیمنٹ میں داخل نہیں ہوسکتا تھا۔ وہ مودی سرکار مردہ باد اور وندے ماترم کے بھی نعرے لگارہے تھے۔ ان کے سامنے کانگریس کے ممبران پارلیمنٹ بھی مودی حکومت کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے کالا دھن کے معاملے پر بی جے پی کے یو ٹرن پر تنقید کررہے تھے اور کہہ رہے تھے کہ چھ مہینے کے اندر ہی حکومت کی اصلیت سامنے آگئی اور مودی کی پول کھل گئی۔
دونوں پارٹیوں کے ممبران نے تقریباً بیس منٹ تک جم کر نعرے بازی کی اور پارلیمنٹ کے اندر بھی ہنگامہ بازی کی۔