رائے پور، 2 دسمبر (یو این آئی) مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ چھتیس گڑھ میں کل ہوئے نکسلی حملے کے بعد صورتحا ل کا جائزہ لینے کیلئے آج یہاں پہنچنے والے ہیں۔ نکسلیوں نے ضلع سکما کے چنتا گپا علاقے کے نزدیک سلامتی دستوں پر حملہ کرکے سی آر پی ایف کے چودہ جوانوں کو ہلاک اور پندرہ کو زخمی کردیا تھا۔ سرکاری ذرائع نے یہ اطلاع دی۔
ہندستانی فضائیہ کے چار ہیلی کاپٹروں کی مدد لی جارہی ہے تاکہ تقریباً ایک درجن زخمی جوانوں کو جگدلپور واقع چنتا گپا سیکورٹی کیمپ سے جگدلپور کے مہارانی اسپتال اور شدید طور پر زخمی اور شہید ہوئے چودہ جوانوِں کی لاشیں ریاستی راجدھانی پہنچائی جاسکیں۔
توقع ہے مسٹر راج ناتھ سنگھ وزیراعلی رمن سنگھ ، ریاستی وزیر داخلہ را
م سیوک پکرا، ڈائریکٹر جنرل آف پولیس اے این اپادھیائے، سی آر پی ایف کے ڈی جی اور مرکزی و ریاستی انٹلیجنس افسران کے ساتھ میٹنگ میں حالات کا جائزہ لیں گے۔ اس سے قبل وہ ایک تعزیتی میٹنگ میں شرکت کریں گے۔
نکسلیوں کے حملے کے بعد وزیر اعلی رمن سنگھ راجدھانی دہلی سے کل تقریباً نصف شب کو ریاستی راجدھانی پہنچے اور حملے والے علاقے سے جوانوں کو بحفاظت نکالنے کیلئے ڈی جی پی اور دیگر سینئر افسران کے ساتھ چار گھنٹے کی میٹنگ کی۔