لکھنؤ(نامہ نگار)توانائی پالیسیوںکے جائزے کے مطالبے کے سلسلہ میں بجلی ملازمین پارلیمنٹ پر مظاہرہ کریںگے۔ بجلی ملازمین جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے کنوینر شیلندر دوبے نے کہا کہ آٹھ دسمبر کو مجوزہ تحریک میں وزیر اعظم سے مطالبہ کیا جائے گاکہ توانائی پالیسی پر نظر ثانی کیلئے اعلیٰ سطحی کمیٹی کی تشکیل کی جائے۔اس کمیٹی میں توانائی شعبہ کے ماہرین اور بجلی ملازمین کو مناسب نمائندگی دی جائے۔ ایکشن کمیٹی کے شیلندر دوبے اور ڈی سی دکشت نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ ریاست میں بجلی کی قلت کیلئے خراب توانائی پالیسی ہی ذمہ دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ توانائی پالیسیوں میں تبدیلی کے مطالبہ کیلئے پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے دوران آٹھ دسمبر کو پارلیمنٹ پر مظاہرہ کریںگے۔ مسٹر دوبے کا کہنا ہے کہ اگر بند بجلی گھر چالو کئے جائیںتو ملک کا بجلی بحران دور ہو سکتا ہ ے۔ ایسا کرنے کے بجائے حکومتیں سرکاری نجی گھرانوں سے بجلی خرید رہی ہیں اورکمپنیوں کی رعایتیں بڑھانے پر زیادہ توجہ دے رہی ہیں۔