حیدرآباد(بھاشا)۔گھریلوموبائل ہینڈ سیٹ کمپنی سیلکان موبائلس نے اپنا پہلا ونڈوز اسمارٹ فونز سلکان ’’ون ۴۰۰‘‘ بازار میں پیش کیاہے۔اس کی قیمت ۴۹۷۹ روپئے ہے اوریہ ملک کے سب سے سستے ونڈوزاسمارٹ فونز میں سے ایک بتایا جارہا ہے۔سیلکان موبائل کے کارگزار ڈائریکٹرمرلی ریتی نینی نے کہاکہ ’’ون ۴۰۰‘‘ کمپنی کاپہلاونڈوز فون ہے جوکہ ونڈوز۱ ء۸آپریٹنگ سسٹم پرکام کرے گا۔یہاں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگومیں ریتی نینی نے کہاکہ ہمارا اور ونڈوزپر مبنی اسمارٹ فون پیش کرنے کا منصوبہ ہے۔آئندہ ۵انچ اسکرین والا ونڈوز فونز پیش کیاجائے گا جو فی الحال تجرباتی مرحلہ میں ہے، انہوںنے کہاکہ ہندوستانی اسمارٹ فون بازارمیں کمپنی کی ۴فیصد حصہ داری ہے جسے وہ مارچ ۲۰۱۵تک ۸۔۷ فیصد تک پہونچانا چاہتی ہے۔ مائکرو سافٹ انڈیا کے ڈائریکٹر موبیلیٹی راجیو اہلاوت نے کہاکہ ’’ون ۴۰۰‘‘اسمارٹ فون سب سے کم قیمت والے ونڈوز فون میں سے ہے۔انہوںنے بتایاکہ مائکرو سافٹ، سیلکان کے ساتھ اورزیادہ ونڈوز فونز پیش کرے گی۔سیلکان ’’ون ۴۰۰‘‘میں ۴انچ کا ڈسپلے ہے اوریہ ۲ء۱گیگا ہرٹزکوالکام اسنیپ ڈریگن ۲۰۰چپ سیٹ پرکام کرتاہے۔