لکھنؤ، 3 دسمبر (یو این آئی) اترپردیش کے وزیراعلی اکھلیش یادو نے آ ج صاف کہا ہے کہ ان کی حکومت نوئیڈا اتھارٹی کے متنازعہ چیف انجینئر یادو سنگھ کا بچاؤ نہیں کررہی ہے اور یقین دلایا کہ انکم ٹیکس (آئی ٹی) اور انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) کی تفتیشی رپورٹ آنے کے بعد کارروائی ضرور کی جائے گی۔ انہوں نے یہاں اخباری نمائندوں سے کہا میری حکومت کسی کو نہیں بچارہی ہے بلکہ آئی ٹی اور ای ڈی کی رپورٹ کا انتظار کررہی ہے کیونکہ یہ یوپی حکومت سے بڑے ادارے ہیں۔ انہوں نے کہا “رپورٹیں آنے دیجیئے اس کے بعد اگر وہ خطاوار پایا گیا تو ہم یقیناً سخت کارروائی کی فیصلہ کریں گے۔
جب ایک رپورٹر نے پوچھا کہ حکومت نے اب تک اس افسر کو معطل کیوں نہیں کیا ہے جبکہ انکم ٹیکس کے چھاپے میں 100 کروڑ روپے سے زیادہ کے ہیرے اور نقد برآمد ہوا ہے اس پر وزیراعلی نے کہا کہ ماضی میں حکومت نے رپورٹ آئے بغیر اس طرح کوئی کارروائی نہیں کی تھی۔وزیراعلی نے میڈیا سے کہا کہ اگر وہ سمجھتے تھے کہ 2012 میں معطلی کے بعد ان کی بحالی غلط تھی، اس سے پہلے مسٹر یادو سنگھ کا معاملہ کیوں نہیں اٹھایا ۔ یادو سنگھ نوئیڈا اتھارٹی کے علاوہ گریٹر نوئیڈا اور یمنا ایکسپریس وے کے بھی چیف انجینئر تھے۔ اس کی رہائش گاہ پر ڈالے گئے چھاپے میں کئی خفیہ اثاثوں اور 40 نقلی کمپنیوں کا انکشاف ہوا تھا۔تاہم وزیراعلی نے بابری مسجد معاملہ میں مسلم مدعی ہاشم انصاری کے یوٹرن پر کوئی رائے زنی نہیں کی جو اب اجودھیا میں رام مندر بنانے کی وکالت کرنے لگا ہے اور یو پی کے وزیر محمد اعظم خان پر تنازعہ سے سیاسی فائدہ اٹھانے کا الزام لگایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس پیچیدہ مسئلہ پر کوئی رائے زنی کرنا مناسب نہیں ہے۔ہاشم انصاری کے یہاں سے ریاست سے ایک اور سیاسی جھگڑا پیدا کیا ہے جبکہ 6 دسمبر کو بابری مسجد کے انہدام کے 22 سال مکمل ہورہے ہیں ۔دوسری جانب وزیراعلی نے کہا کہ وہ آج سہ پہر نئی دہلی میں بجلی کے مرکزی وزیر پیوش گوئل سے ملاقات کرکے ریاست میں بجلی اور کوئلہ کے بحران پر تبادلہ خیال کریں گے۔مختلف اسباب کی وجہ سے یہ ملاقات کئی مرتبہ ملتوی ہوچکی ہے۔دریں اثنا وزیراعلی نے معذوروں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے رہائش گاہ پر ایک تقریب میں شرکت کی ۔ وزیراعلی نے معذور بچوں اور ان کی بہبود کے لئے کام کرنے والی تنظیموں کو ہر طرح کی مدد کا یقین دلایا۔معذور بچوں نے وزیراعلی اور ان کی اہلیہ ڈمپل کو شال پیش کی۔ وزیراعلی نے بھی 50 بچوں کو مٹھائیاں کیک اور دیگر تحائف دیئے۔