لاہور۔پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ بائونسر کامقصد بلے بازکو نقصان پہنچانانہیں بلکہ انھیں دبائو میں رکھنا ہے۔ وسیم اکرم نے بائونسر کا دفاع کرتے ہوئے آ نجہانی آ سٹریلوی نوجوان بیٹسمین فلپ ہیوز کی موت پر اپنے گہرے غم کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھاکہ ہیوز زبردست کھلاڑی تھے، میں نے ان کی بیٹنگ کے دوران کمنٹری کی ہے وسیم اکرم نے کہاکہ بائونسر کوہم صرف بیٹسمین کو ڈرانے کے لیے استعمال کرتے ہیں، ہم فاسٹ بولرز ہرگز یہ نہیں چاہتے کہ کسی کونقصان پہنچے،انھوں نے کہا کہ ہیوز گیندکو قابو نہیں کرپائے اورہیلمٹ بھی اس کو سنبھا ل نہیں سکا جس کے باعث یہ بائونسرجان لیوا ثابت ہوا۔ وسیم اکرم نے کہا کہ ہمیں ہیلمٹ کے معیار میں بہتری کے لیے کام کرنے کی ضرورت ہے۔وہیں دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے آ ف اسپنر سعید اجمل کے بولنگ ایکشن کے ٹسٹ کیلئے آ ئی سی سی سے رابطہ کرلیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے سعید اجمل کے مشکوک بولنگ ایکشن کا ٹسٹ کرانے کیلئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے رابطہ کرلیا جب کہ ترجمان پی سی بی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ آ ئی سی سی کے جواب کا انتظار ہے اور ای میل آ نے کے بعد سعید اجمل کے بولنگ ایکشن کا ٹسٹ کرایا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق آ ئی سی سی کا آ ف اسپنر سعید اجمل کے ایکشن کا معائنہ انگلینڈ کی بائیو مکینکس لیب سے کرائے جانے کا امکان ہے۔دوسری جانب ’’ دوسرا’’ کے موجد ثقلین مشتاق نے پی سی بی کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ سعید اجمل کے بازو کا خم 15 ڈگری کے اندر آ چکا ہے اور لندن کے ٹسٹ سینٹر سے دو مرتبہ ابتدائی ٹسٹ کرایا گیا ہے جو کہ تسلی بخش رہا۔واضح رہے کہ پاکستانی جادوگر اسپنر سعید اجمل کے بولنگ ایکشن کو رواں سال اگست میں مشکوک قرار دیا گیا تھا جس کے بعد ان پر عالمی کرکٹ کے دروازے بند کردیئے گئے جس کے باوجود وہ اب تک ایک روزہ میچز میں بہترین بولرز کی فہرست میں پہلے نمبر پر ہیں۔