دبئی۔ٹسٹ سیریز کے بعد پاکستان کا گیئر تبدیل ہو گیا اور ٹیم سلو سے فاسٹ ٹریک پر آ گئی جب کہ گرین شرٹس اور کیویز کے درمیان 2 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ آج دبئی میں کھیلا جائے گا۔گرین شرٹس شارجہ کی شکست کا حساب دبئی میں چکتا کرنے کیلئے پْرعزم ہے اور اس کیلئے عمر گل کو ٹیم میں واپس بلالیا گیا ہے جب کہ کپتان شاہد آ فریدی نے خبردارکیاکہ کسی بھی قسم کی سہل پسندی نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہے،کیویز کا شکار کرنا ہے تو اپنے قدموں پرڈٹ کر کھڑا رہنا ہوگا۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ کے کوچ مائیک ہیسن ابھی تک آ خری ٹسٹ کی فتح کے نشے میں گم ہیں، انہوں نے کہاکہ ہماری ٹیم نے انتہائی ہوشیاری سے پاکستانی دباؤ کا توڑ کیا، اب محدود اوورز کے میچز میں بھی اسی پرفارمنس کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں دبئی میں ڈیرے ڈال چکیں جہاں اسپورٹس سٹی اسٹیڈیم میں جمعرات اور جمعے کو2 ٹوئنٹی 20 میچز کھیلے جائیں گے، گذشتہ روز گرین شرٹس نے نیٹ پریکٹس بھی کی۔ تازہ دم کمک کے پہنچنے سے میزبان کیمپ میں زندگی کی نئی لہر دوڑ چکی جبکہ عمر گل کی واپسی سے بولنگ اٹیک میں بھی جان پڑگئی ہے۔30 سالہ فاسٹ بولر گھٹنے کی تکلیف کے باعث رواں برس بنگلہ دیش میں منعقدہ ورلڈ ٹوئنٹی 20 کے بعد سے کھیل سے دور تھے، وہ مختصر ترین فارمیٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے دوسرے بولر ہیں۔ قومی ٹیم میں عمر گل کے علاوہ حارث سہیل اور سرفراز احمد کی واپسی ہوئی ہے جب کہ عمر امین ، صہیب مقصود اور بلاول بھٹی کو آ رام دیا گیا ہے جب کہ اسکواڈ میں شامل دیگر کھلاڑیوں میں احمد شہزاد، انور علی، محمد حفیظ، محمد عرفان، اویس ضیا، رضا حسن، سعد نسیم، شاہد آ فریدی، سہیل تنویر، عمر اکمل اور وہاب ریاض شامل ہیں جن میں سے 11 رکنی ٹیم کا انتخاب کیا جائے گا۔گرین شرٹس اب تک نیوزی لینڈ کو اس طرز کے 9 باہمی میچز میں سے 6 میں شکست دے چکے،ٹیم کی قیادت شاہد آ فریدی کے پاس ہے اگرچہ دوبارہ کپتان مقرر ہونے کے بعد آ سٹریلیا سے انھیں اکتوبر میں دبئی میں ہی 6 وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن وہ نیوزی لینڈ کے خلاف عمدہ کھیل کیلئے پْرعزم ہیں، اس کے ساتھ ہی انھوں نے پلیئرزکو بھی خبردار کیاکہ وہ کیویز کو کسی صورت کمزور نہ سمجھیں،ان کو شکست دینے کیلئے پوری قوت صرف کرنا ہوگی۔وہیں دوسری جانب کیویز کیخلاف 0-2سے کلین سوئپ روایتی حریف سے فاصلہ مزید کم کردے گا۔ البتہ حریف کی اسی مارجن سے فتح گرین شرٹس کو 2 درجے تنزلی کے ساتھ پانچویں نمبر پر پہنچا دیگی، 1-1 کے نتیجے سے دونوں ٹیموں کی پوزیشز پر کوئی فرق نہیں پڑیگا۔ تفصیلات کے مطابق ورلڈ ٹوئنٹی 20رینکنگ میں پاکستان اس وقت 121پوائنٹس کیساتھ ہندوستان (126) سے پیچھے تیسری پوزیشن پر ہے، یو اے ای میں جمعرات سے شروع ہونیوالی سیریز میں 0-2 سے کلین سوئپ سے ٹیم کو مزید 3 پوائنٹس مل سکتے ہیں،نیوزی لینڈ نے اسی مارجن سے کامیابی حاصل کی تو گرین شرٹس 6 پوائنٹس کا خسارہ برداشت کرتے ہوئے 2 درجے تنزلی کیساتھ پانچویں نمبر پر آ جائینگے۔