لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ ناکہ علاقہ میں دو شہ زور بھائیوں نے ایک ڈاکٹر کی زمین پر فرضی دستاویزکی بنیاد پر قبضہ کرنے کی کوشش کی تھی۔ اس کے بعد جان سے مار دینے کی دھمکی بھی دی تھی۔ متاثر ڈاکٹر نے اس بات کی شکایت پولیس سے کی۔ پولیس
نے ڈاکٹر کی تحریرپر معاملہ درج کر کے ملزمین کی تلاش شروع کردی تھی۔ جسے بدھ کومحلہ راجندر نگر سے گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم نے اپنا نام میوا کھیڑا کا رہنے والا ترون کمار شریواستو بتایا ہے، پولیس دوسرے ملزم منوج کمار کی تلاش کررہی ہے۔ گومتی نگر کے وویک کھنڈ کے رہنے والے پردیپ سنگھ نے گزشتہ ۲۷؍جون کو پولیس کو تحریر دے کر بتایا تھا کہ عیش باغ کے موتی نگر میں ان کا ایک پلاٹ ہے۔پلاٹ ان کے والد گرو بخش و چاچا گرودیپ کے نام ہے۔ اس کے باوجود بھی میوا کھیڑا کے رہنے والے ترون کمار و منوج کمار نے فریب دہی کرکے فرضی دستاویز بنوا لئے اور شہ زوری کے دم پر پلاٹ کے نصف حصہ پر قبضہ کر لیا جس کے بعد گرو بخش نے سول عدالت میں مقدمہ دائر کیا۔ پردیپ نے بتایا کہ عدالت کا فیصلہ اس کے حق میں آیا لیکن اس کے بعد بھی ترون زمین پر قبضہ کرنا چاہ رہا ہے۔ پردیپ نے ترون پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ۱۵؍جون کو وہ اپنے چچا کے ساتھ کام پر جا رہا تھا تبھی ترون نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر اسے راستے میں روک لیا اور گالی گلوج کرتے ہوئے اسے جان سے مار دینے کی دھمکی دے ڈالی جس کے بعد اس نے اس بات کی اطلاع پولیس کو دی۔ پولیس نے دھوکہ دہی و دھمکی دینے کی بنیاد پر مقدمہ درج کر لیا تھا۔