لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ اترپردیش ریاستی ہیڈکوارٹر پرتسلیم شدہ صحافی کمیٹی (رجسٹرڈ) کے ایک نمائندہ وفد نے گورنر رام نائک سے ملاقات کی۔ وفد نے گورنر سے مطالبہ کیا کہ ریاستی ہیڈکوارٹر پر صحافیوں کو الاٹ جن رہائش گاہوں کا کرایہ جولائی ۲۰۱۴ء سے ڈھائی گنا بڑھایا گیا ہے اسے ختم کیا جائے۔ وفد نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ صحافیوں پر ہونے والے حملوں کیلئے ضلع میں جو سہ رکنی کمیٹیاں پہلے تشکیل ہوتی تھیں انہیں دوبارہ تشکیل کر کے عمل میں لایا جائے۔ اس کے علاوہ سابقہ کی طرح تحصیل ہیڈکوارٹروں پر تعینات صحافیوں کو تسلیم شدہ کیا جائے۔ رہائشی مسئلہ کے
سلسلہ میں گورنر کو روشناس کرایا گیا کہ ۹۰ کی دہائی کے بعد ریاست میں کہیں بھی صحافیوں کیلئے رہائشی اسکیم نہیں شروع کی گئی اس لئے آواس وکاس پریشد اور ترقیاتی اتھارٹیوں میں صحافیوں کیلئے رہائش کا کوٹہ طے کیا ہے۔ کمیٹی نے گورنر کو دی گئی عرضداشت میں مطالبہ کیا کہ سرکاری اسپتالوں میں تسلیم شدہ صحافیوں کی طرح اور تسلیم شدہ ورکنگ جرنلسٹوں کو بھی مفت طبی سہولیات فراہم کرنے کا بندوبست یقینی کرایا جائے۔ نمائندہ وفد میں انل ترپاٹھی، شیو شنکر گوسوامی، پی این دیویدی اور سریندر اگنی ہوتری شامل تھے۔