نئی دہلی۔ 5 دسمبر (یو این آئی) مرکزی وزیرمملکت سادھوی نرنجن جیوتی کے معاملے میں کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی کی قیادت میں کانگریس، ترنمول کانگریس اور عام آدمی پارٹی کے اراکین نے آج پارلیمنٹ کے احاطہ میں مہاتما گاندھی کے مجسمے کے آگے
منہ پر کالی پٹی باندھ کا مظاہرہ کیا۔تقریباً پندرہ منٹ تک چلنے والے اس مظاہرے میں تقریباً 40 اراکین پارلیمنٹ شریک ہوئے۔ انہوں نے اپنے ہاتھوں میں ایک بینر اور کچھ تختیاں اٹھا رکھی تھیں ۔ بینروں پر لکھا تھا “وی وانٹ یونائیٹڈ اینڈ سیکولر انڈیا (ہم ایک متحد اور سیکولر ہندوستان چاہتے ہیں) جبکہ پٹیوں پر “سیو انڈیا ، سیو ڈیموکریسی اور ہم ملک ٹوٹنے نہیں دیں گے ملک بنٹنے نہیں دیں گے” جیسے نعرے لکھے تھے۔مظاہرہ ختم ہونے پر مسٹر گاندھی نے میڈیاکے سوالوں کے جواب میں کہا کہ ہمیں پارلیمنٹ میں بولنے نہیں دیاجارہا۔ اس لئے ہم نے منہ پر کالی پٹی باندھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم متحد اور سیکولر ہندوستان چاہتیہیں۔ ہم جمہوریت بچانا چاہتے ہیں۔بہرحال انہوں نے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں اپوزیشن کی حکمت عملی کے بارے میں دریافت کئے جانے پر کچھ نہیں کہا۔