لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی نے جمعرات کو قیصر باغ واقع اندرا گاندھی آنکھ اسپتال کا دورہ کیا۔ امیٹھی سے واپسی کے وقت مسٹر گاندھی نے یہاں اسپتال کا دورہ کرتے ہوئے مریضوں اور اسپتال ملازمین سے ملاقات کی۔ انہوں نے اسپتال کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ آئندہ وہ آنکھوں کی جانچ یہیں کرائیںگے۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی گڑ گاؤں میں بھی اسپتال قائم کیا جائے گا۔
مسٹر گاندھی امیٹھی واقع اندرا گاندھی آنکھ اسپتال کے دس سال مکمل ہونے پر یہاں منعقد پروگرام میں شامل ہونے آئے تھے۔ امیٹھی سے واپسی کے وقت شام کو مسٹر گاندھی اپنے قافلہ کے ساتھ قیصر باغ بارہ دری کے نزدیک واقع اندرا گاندھی آنکھ اسپتال پہنچے۔ اسپتال عملہ نے ان کا ٹیکہ لگاکر خیر مقدم کیا۔ یہاں انہوں نے مریضوں سے ملاقات کر کے ان کی خیریت دریافت کی اور سہولتوں کے بارے میں م
علومات حاصل کی۔ تقریباً ایک گھنٹہ اسپتال میں ٹھہرے مسٹر گاندھی نے اسپتال کے ڈاکٹروں اور عملہ سے بھی ملاقات کی۔ مسٹر گاندھی کے لکھنؤ میں ہونے کی اطلاع ملتے ہی بڑی تعداد میں کانگریسی رہنما اور کارکن اسپتال پہنچ گئے ۔یہاں کے بعد مسٹر گاندھی ہوائی اڈہ کیلئے روانہ ہو گئے۔ ایک سروے کے مطابق اندرا گاندھی آنکھ اسپتال کو علاج اور معیار کیلئے ریاست میں اول اور پورے ملک میں تیرہواں مقام ملا ہے۔