جیمز بانڈ سیریز کی نئی فلم کا نام ’سپیکٹر‘ ہوگا اور یہ یہ ۲۰۱۵کے اواخر میں سنیما کی زینت بنے گی۔اس بات کا اعلان فلم کے ہدایتکار سیم مینڈیز نے جمعرات کی صبح پائن وڈ سٹوڈیوز میں کیا۔یہ سیم مینڈیز کی بطور ہدایت کار بانڈ سیریز کی لگاتار دوسری فلم ہوگی۔ انھوں نے اس سے قبل اس سیریز کی باکس آفس پر سب سے کامیاب فلم ’سکائی فال‘ کی بھی ہدایات دی تھیں۔
جیمز بانڈ سیریز کی اس ۲۴ویں فلم میں ڈینیئل کری
گ ہی ایجنٹ زیرو زیرو سیون کا کردار ادا کریں گے۔ یہ بطور بانڈ ڈینیئل کریگ کی چوتھی فلم ہوگی۔ اس کے علاوہ نیومی ہیرس منی پینی کا کردار نبھائیں گی۔فلم کی عکاسی پیر سے شروع ہو رہی ہے۔اس بارے میں کئی مہینوں سے افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ فلم میں دوسرے کون سے اداکار کام کریں گے، خاص طور پر یہ کہ فلم کا ولن کون ہو گا۔میڈیا پر آنے والی بعض قیاس آرائیوں کے مطابق دو بار آسکر جیتنے والے کرسٹاف والز ممکنہ طور پر بانڈ کے دشمن بلوفیلڈ بنیں گے۔یہ کردار ۱۹۶۰ سے لے کر ۱۹۸۰ کی دہائیوں میں کئی بانڈ فلموں میں آ چکا ہے، اور اسے کئی اداکاروں نے ادا کیا ہے جن میں ڈونلڈ پلیزنس اور چارلز گرے شامل ہیں۔اخبار دا مرر نے اس ہفتے خیال ظاہر کیا تھا کہ بی بی سی کی ڈراما سیریز شرلاک کے مرکزی کردار اینڈریو سکاٹ ویلن بنیں گے۔
خواتین کرداروں کے بارے میں قیاس آرائیوں میں کہا گیا ہے کہ فلم میں مانیکا بیلوچی، لیا سیڈوکس اور ہلیری سوینک کردار ادا کریں گی۔اس سے قبل پیش کی جانے والی بانڈ فلم سکائی فال برطانیہ کی تاریخ کی کامیاب ترین فلم ثابت ہوئی تھی اور اس نے دنیا بھر میں ایک ارب دس کروڑ ڈالر کا بزنس کیا تھا۔اس کے علاوہ سکائی فال نے دو آسکر انعامات بھی جیتے تھے۔