لکھنؤ: راجدھانی کے تقسیم ٹرانسفارمروں پر میٹر لگانے کا کام دوبارہ شروع ہو گیا ہے۔ اس مہم کے دوران سبھی ۷۵۰۰ ٹرانسفارمروں پر میٹر لگائے جائیںگے۔ مدھیانچل بجلی تقسیم کارپوریشن کے ڈائرکٹر تکنیکی نے سبھی ایگزیکٹیو انجینئروں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ اپنے سیکشن کے ٹرانسفارمروں پر میٹر لگانے کا کام وقت پر مکمل کرا لیں۔ آر اے پی ڈی آر پی اسکیم کے تحت لیسا کے تقسیم ٹرانسفارمروں پر لگے میٹروں کی جانچ کی جانے لگی ہے جن ٹرانسفارمروں پر میٹر لگ چکے ہیں اور بہتر طریقے سے کام کررہے ہیں ان کی رپورٹ مدھیانچل کو بھیجی جائے گی اور جہاںمیٹر نہیں لگے ہیں ان پر میٹر لگائے جائیںگے۔ ڈائرکٹر تکنیکی پردیپ ٹنڈن کے مطابق صد فیصد میٹر لگائے جائیںگے اور ہر ماہ ان کی ریڈنگ لینے کا کام ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ میٹر لگانے سے یہ پتہ چل سکے گا کہ کس ٹرانسفارمر سے کتنی توانائی خرچ ہو رہی ہے اور اس ٹرانسفارمرکے تحت آنے والے سبھی بجلی کنکشنوں سے اتنی بجلی کا بل وصول کیاجا رہا ہے یا نہیں۔