لکھنؤ: سماجوادی پارٹی کے بانی اور اترپردیش کے سابق وزیر اعلیٰ ملائم سنگھ ی ادو کو ان کی ۷۵ویں سالگرہ کے موقع پر اترپردیش کے متعدد وزراء نے مبارکباد دیتے ہوئے مکمل صحت کے ساتھ ان کی طویل عمر ہونے کی تمنا کا اظہار کیا ہے۔
شہری ترقیات وزیر محمد اعظم خاں نے سابق وزیر اعلیٰ و موجودہ رکن پارلیمنٹ ملائم سنگھ یادو کو ان کے یوم پیدائش پر دلی مبارکباد دیتے ہوئے ان کی صحت اور طویل عمر ہونے کی تمنا کی ہے۔ مسٹر اعظم خاں نے ’رفیق الملک‘ ملائم سنگھ یادو کو ملک میں سماج واد کا پاسبان قرار دیتے ہوئے کہا کہ نیتا جی ہمیشہ سے ملک میں مذہبی و سماجی یکجہتی کو مستحکم کرنے کیلئے سچے دل سے کوشاں ہیں۔ انہوں نے غریبوں، مظلوموں اور اقلیتوں کی اقتصادی و سماجی ترقی کیلئے ٹھوس قدم اٹھائے ہیں۔ مسٹر یادو صحیح معنیٰ میں ملک کے سچے رہنما ہیں۔
اعلیٰ تعلیم کے وزیر رام گووند چودھری کے ساتھ ہی وزرائے مملکت کیلاش چورسیا، وسیم احمد، یوگیش پرتاپ سنگھ، اروند سنگھ گوپ اور شیو پرتاپ یادو کے علاوہ تاجر لیڈر چندر کمار چھاپڑا نے انہیں مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ان کی مدبرانہ قیادت میں ملک خوشحالی کے راستہ پر گامزن ہو سکے گا۔